لیبیا کے سابق حکمران معمر قذافی کے بیٹے سیف الاسلام قذافی کو قتل کر دیا گیا ہے۔ قذافی خاندان کے قریبی ذرائع نے واقعے کی تصدیق کر دی ہے۔
عرب میڈیا رپورٹس کے مطابق سیف الاسلام قذافی کو چار مسلح افراد نے باغ میں فائرنگ کر کے قتل کیا، جس کے بعد حملہ آور موقع سے فرار ہو گئے۔ واقعے کی مزید تفصیلات سامنے نہیں آ سکیں۔
لیبیا کی سرکاری خبر رساں ایجنسی لانا نے سیف الاسلام کے مشیر عبداللہ عثمان کے حوالے سے ان کی موت کی تصدیق کی ہے۔
سیف الاسلام قذافی کو طویل عرصے سے اپنے والد معمر قذافی کا سیاسی جانشین تصور کیا جا رہا تھا۔ انہوں نے سال 2021 میں صدارتی انتخابات میں حصہ لینے کا اعلان بھی کیا تھا، تاہم لیبیا میں جاری سیاسی عدم استحکام کے باعث یہ انتخابات غیر معینہ مدت کے لیے ملتوی کر دیے گئے تھے۔
واقعے کے بعد لیبیا کی سیاسی صورتحال ایک بار پھر غیر یقینی کا شکار ہو گئی ہے، جبکہ حکام کی جانب سے تاحال باضابطہ تحقیقات یا گرفتاریوں کے بارے میں کوئی بیان جاری نہیں کیا گیا۔





