اسلام آباد: پاکستان تحریک انصاف نے پارٹی رہنما سینیٹر مشال یوسفزئی کے متنازع بیانات پر سخت ایکشن لینے کا فیصلہ کرتے ہوئے انہیں شوکاز نوٹس جاری کرنے کا اعلان کر دیا ہے۔
پارٹی ذرائع کے مطابق چیئرمین پی ٹی آئی بیرسٹر گوہر نے واضح کیا ہے کہ بانی تحریک انصاف کی بہنوں یا فیملی کے خلاف کسی بھی قسم کی زبان برداشت نہیں کی جائے گی اور اس کی خلاف ورزی کرنے والے رہنما یا کارکن کے لیے پارٹی میں کوئی جگہ نہیں ہوگی۔
خیبر پختونخوا ہاؤس کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے بیرسٹر گوہر نے کہاآج ملک و قوم کی بہتری اور بانی پی ٹی آئی کی صحت پر بات ہوگی۔
اگر کوئی بانی پی ٹی آئی کی فیملی یا بہنوں کے خلاف جملے کسے گا تو پارٹی میں اس کے لیے کوئی جگہ نہیں۔
چیئرمین پی ٹی آئی نے مزید کہا اتنی بڑی سیاسی جماعت میں اختلافات معمول کی بات ہیں، لیکن ایک سیاسی ورکر کا بھی حق ہے کہ وہ اپنے خیالات کا اظہار کرے، مگر بانی پی ٹی آئی کی فیملی پر الزامات یا تنقید پارٹی کی پالیسی کے خلاف ہے۔
یہ بھی پڑھیں : حج 2026 کے ویزے کب سے جاری ہوں گے؟ سعودی وزارت کا اہم اعلان
واضح رہے کہ مشال یوسفزئی نے سوشل میڈیا پر ایک بیان میں کہا تھا کہ بانی پی ٹی آئی نے علیمہ خان کو میڈیا پر سیاست سے متعلق بات چیت سے روک رکھا ہے اور علیمہ کی سوشل میڈیا پر چلنے والی ویڈیو ممکنہ طور پر اے آئی جنریٹڈ ہے، اس لیے اس پر کمنٹ کرنا وقت کا ضیاع ہے۔
پارٹی کے اس قدم کو داخلی ڈسپلن قائم رکھنے اور رہنماوں کو ذمہ داری کا احساس دلانے کے طور پر دیکھا جا رہا ہے۔ شوکاز نوٹس کے بعد پارٹی کے اندر مزید وضاحت اور ممکنہ معذرت کی توقع کی جا رہی ہے۔





