لاہور: لاہور شہر آج بسنت کی خوشیوں میں رنگ گیا، جہاں رات بارہ بجتے ہی تین روزہ بسنت فیسٹیول کا باقاعدہ آغاز ہوگیا۔
پنجاب کی وزیر اطلاعات عظمیٰ بخاری نے رات بارہ بجے پتنگ اُڑاکر تقریب کا افتتاح کیا، جس کے بعد شہر کے آسمان پر ستاروں کی جگہ رنگ برنگی پتنگوں نے لے لی۔
شہری چھتوں پر جا کر پتنگ بازی کا لطف اٹھا رہے ہیں، اڑتی اور گرتی پتنگوں کو دیکھنے کے لیے منچلے اور نوجوان سڑکوں پر جمع ہو گئے ہیں۔
بسنت کی رونق میں خواتین بھی پیچھے نہیں، ہاتھوں پر مہندی، رنگ برنگے لباس اور مزیدار پکوان کے ساتھ فیسٹیول کا حصہ بنی ہیں۔
کئی خواتین خود بھی پتنگ ہاتھوں میں لیے چھتوں پر موجود ہیں، جبکہ دیگر نے بسنت کی خوشیوں میں اپنے انداز سے حصہ لیا۔
لاہور کی سڑکیں اور گلیاں اس وقت پتنگوں اور ڈوروں سے سجی ہوئی ہیں، جو مہنگی ہونے کے باوجود شہر بھر میں نایاب ہو چکی ہیں۔
شہریوں کی حفاظت کے لیے وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز بھی لبرٹی چوک پہنچیں، جہاں انہوں نے بسنت کی تیاریوں کا جائزہ لیا اور شہریوں سے بات چیت کی۔
انہوں نے موٹرسائیکل سواروں کو سیفٹی راڈ استعمال کرنے کی ہدایت بھی دی۔ شہریوں نے بسنت کے موقع پر حفاظتی اقدامات پر وزیر اعلیٰ کا شکریہ ادا کیا اور ان کی کوششوں کو سراہا۔
یہ بھی پڑھیں : متنازعہ بیانات کی وجہ سے مشال یوسفزئی مشکل میں پھنس گئیں
بسنت کے دوران شہریوں کی سہولت کے لیے شہر بھر میں مختلف روٹس پر خصوصی بس سروس چلانے کا بھی فیصلہ کیا گیا ہے۔
روڈ ٹرانسپورٹ اتھارٹی کے مطابق پورے شہر میں بسنت کے موقع پر خصوصی ٹرانسپورٹ دستیاب ہوگی تاکہ لوگ سہولت کے ساتھ فیسٹیول میں حصہ لے سکیں۔
شہر کے ہر کونے میں بسنت کے رنگ بکھرے نظر آئے، جہاں چھتوں پر پتنگیں اڑتی رہیں، سڑکوں پر ہلہ گلہ جاری رہا اور شہریوں نے فیسٹیول کی خوشیوں میں بھرپور حصہ لیا۔





