نیو یارک: یومِ یکجہتی کشمیر کے موقع پر اقوامِ متحدہ میں پاکستانی مستقل مندوب عاصم افتخار نے کشمیری عوام کے حق خودارادیت کا احترام کرنے پر زور دیا ہے۔
اقوامِ متحدہ میں منعقدہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے عاصم افتخار نے کہا کہ مقبوضہ جموں و کشمیر میں بڑی تعداد میں لوگ مسلسل مشکلات اور پابندیوں کا شکار ہیں۔
انہوں نے واضح کیا کہ 5 اگست 2019 کو مقبوضہ علاقوں میں غیر قانونی اقدامات کیے گئے، جن کے اثرات آج بھی جاری ہیں۔
پاکستانی مندوب نے بتایا کہ مقبوضہ کشمیر میں مسلسل لاک ڈاؤن اور کرفیو کی وجہ سے تعلیمی ادارے بند ہیں اور سیاحت، زراعت اور دیگر معاشی شعبے بری طرح متاثر ہوئے ہیں۔
انہوں نے عالمی برادری پر زور دیا کہ انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں کی جانب فوری توجہ دی جائے اور کشمیری عوام کے بنیادی حقوق کی حفاظت یقینی بنائی جائے۔
عاصم افتخار نے کہا کہ مقبوضہ جموں و کشمیر میں ماورائے عدالت قتل اور دیگر انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزیاں ہو رہی ہیں، جن پر بین الاقوامی توجہ نہایت ضروری ہے۔
یہ بھی پڑھیں : ایران-امریکا مذاکرات سے قبل عالمی خام تیل کی قیمتوں میں نمایاں کمی
انہوں نے واضح کیا کہ کشمیری عوام کے حق خودارادیت کو تسلیم کرنا اور اقوام متحدہ کی قراردادوں کے مطابق انسانی حقوق کی پاسداری کرنا عالمی ذمہ داری ہے۔
پاکستانی مستقل مندوب نے اقوامِ متحدہ میں زور دیا کہ عالمی برادری کشمیری عوام کے ساتھ کھڑی ہو اور مقبوضہ علاقوں میں جاری غیر قانونی اقدامات کے خلاف عملی اقدامات کرے۔





