وفاقی وزیر اطلاعات عطا اللہ تارڑ نے واضح اعلان کیا ہے کہ حکومت دہشت گردوں کا ہر جگہ تعاقب کرے گی اور انہیں کسی صورت نہیں بخشا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ دہشت گردوں کے گرد گھیرا مسلسل تنگ کیا جا رہا ہے اور ریاست کا اصل مقصد دہشت گردی کا جڑ سے خاتمہ ہے۔
علما کرام کے ہمراہ نیوز کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے وفاقی وزیر نے کہا کہ ترلائی کلاں میں ہونے والے خودکش دھماکے میں ملوث عناصر کو کیفر کردار تک پہنچایا جائے گا۔ ان کا کہنا تھا کہ حملے کے سہولت کاروں تک پہنچ چکے ہیں اور تحقیقات فیصلہ کن مرحلے میں داخل ہو چکی ہیں۔
عطا تارڑ نے کہا کہ دہشت گردوں کا کوئی مذہب نہیں ہوتا، یہ انسانیت کے دشمن ہیں اور ریاست ان کے خلاف بلا امتیاز کارروائی کر رہی ہے۔ انہوں نے زور دیا کہ سیکیورٹی ادارے پوری طرح متحرک ہیں اور دہشت گردوں کے خلاف مؤثر اور جامع حکمت عملی کے تحت اقدامات کیے جا رہے ہیں، جبکہ آئندہ دنوں میں سیکیورٹی مزید سخت کی جائے گی۔
وفاقی وزیر اطلاعات نے کہا کہ خودکش دھماکے کے نتیجے میں شہید ہونے والوں کے اہل خانہ کے ساتھ حکومت شانہ بشانہ کھڑی ہے اور ان کے غم میں برابر کی شریک ہے۔ انہوں نے یقین دلایا کہ زخمیوں کو بہترین ممکنہ طبی سہولیات فراہم کی جا رہی ہیں اور ان کے علاج میں کوئی کسر نہیں چھوڑی جائے گی۔
انہوں نے مزید کہا کہ دہشت گردی کے خلاف جنگ میں علما کرام، عوام اور ریاستی ادارے ایک پیج پر ہیں اور اس ناسور کے مکمل خاتمے تک جدوجہد جاری رہے گی۔ عطا تارڑ کا کہنا تھا کہ پاکستان دشمن عناصر کو کسی صورت ملک کے امن و استحکام سے کھیلنے کی اجازت نہیں دی جائے گی





