گرج چمک کے ساتھ بارش، آندھی اور برفباری: محکمہ موسمیات کی بڑی پیشگوئی

گرج چمک کے ساتھ بارش، آندھی اور برفباری: محکمہ موسمیات کی بڑی پیشگوئی

محکمہ موسمیات کے مطابق 8 فروری (رات) سے 10 فروری کے دوران بلوچستان اور ملک کے بالائی علاقوں میں بارش، آندھی اور گرج چمک کے ساتھ طوفانی موسم کا امکان ہے۔

محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ 8 فروری کو ایک مغربی ہواؤں کا سلسلہ ملک کے مغربی حصوں میں داخل ہوگا جو 9 فروری کو بالائی علاقوں کو اپنی لپیٹ میں لے لے گا۔

خیبرپختونخوا میں 9 اور 10 فروری کے دوران چترال، دیر، سوات، کالام، شانگلہ، کوہستان، بونیر، بٹگرام، مانسہرہ، ایبٹ آباد، ہری پور، مردان، پشاور، صوابی، چارسدہ، کوہاٹ، کرم، بنوں، باجوڑ، مہمند، خیبر، اورکزئی، ڈیرہ اسماعیل خان اور وزیرستان میں گرج چمک کے ساتھ بارش کے ساتھ پہاڑوں پر برفباری کا امکان ہے جبکہ چند مقامات پر ژالہ باری بھی ہو سکتی ہے۔

محکمہ موسمیات کے مطابق بلوچستان کے مختلف اضلاع جن میں کوئٹہ، زیارت، چمن، پشین، قلعہ عبداللہ، قلعہ سیف اللہ، چاغی، نوشکی، ہرنائی، ژوب، قلات، مستونگ، بارکھان، سبی، لورالائی، خضدار، کیچ، گوادر، پنجگور اور آواران شامل ہیں میں8 اور 9 فروری کے دوران بارش، تیز ہواؤں اور پہاڑی علاقوں میں برفباری کی توقع ہے۔

پنجاب اور اسلام آباد میں 9 فروری کی شام سے 10 فروری تک مری، گلیات، اسلام آباد، راولپنڈی، اٹک، چکوال، جہلم، سرگودھا، میانوالی، بھکر، لیہ، ڈیرہ غازی خان، خوشاب، جھنگ، نورپور تھل، گجرات، گوجرانوالہ، حافظ آباد، منڈی بہاؤالدین، سیالکوٹ اور نارووال میں وقفے وقفے سے بارش اور پہاڑی علاقوں میں برفباری متوقع ہے، جبکہ لاہور میں موسم جزوی طور پر ابر آلود رہنے کا امکان ہے۔ جنوبی اضلاع میں تیز ہواؤں اور آندھی کا خدشہ بھی ظاہر کیا گیا ہے۔

گلگت بلتستان اور آزاد کشمیر میں بھی 9 اور 10 فروری کے دوران بارش، برفباری اور گرج چمک کی پیشگوئی کی گئی ہے۔ جن علاقوں میں برفباری متوقع ہے ان میں دیامر، استور، غذر، اسکردو، ہنزہ، گلگت، گانچھے، شگر، وادی نیلم، مظفرآباد، پونچھ، ہٹیاں، باغ، حویلی، سدھنوتی، کوٹلی، بھمبر اور میرپور شامل ہیں۔ کشمیر کے بعض علاقوں میں ژالہ باری کا بھی امکان ہے۔

سندھ کے بیشتر اضلاع میں 8 اور 9 فروری کے دوران موسم جزوی طور پر ابر آلود رہنے کی توقع ہے، جبکہ ساحلی علاقوں میں ہلکی بارش یا بوندا باندی کے ساتھ تیز ہوائیں چلنے کا امکان ظاہر کیا گیا ہے۔

محکمہ موسمیات نے خبردار کیا ہے کہ برفباری کے باعث ناران، کاغان، دیر، سوات، کالام، چترال، کوہستان، مانسہرہ، ایبٹ آباد، شانگلہ، استور، ہنزہ، اسکردو، مری، گلیات، وادی نیلم، باغ، پونچھ اور حویلی میں سڑکوں پر پھسلن اور ٹریفک کی روانی متاثر ہو سکتی ہے۔ بالائی خیبرپختونخوا، گلگت بلتستان اور کشمیر کے حساس علاقوں میں لینڈ سلائیڈنگ کا خدشہ بھی ہے۔

محکمہ موسمیات نے سیاحوں کو غیر ضروری سفر سے گریز اور احتیاط برتنے کی ہدایت کی ہے، جبکہ متعلقہ اداروں کو الرٹ رہنے اور کسی بھی ناخوشگوار صورتحال سے نمٹنے کے لیے پیشگی اقدامات کرنے کی تاکید کی گئی ہے۔

Scroll to Top