لاہور میں بسنت کی خوشیوں میں امریکی سفیر نیٹلی بیکر کی سربراہی میں ایک وفد نے بھی شرکت کی۔
امریکی سفارت خانے کے وفد میں قونصل جنرل لاہور اسٹیٹسن سینڈرز اور ڈپٹی اسسٹنٹ سیکرٹری جان مارک پومرشییم شامل تھے جنہوں نے لاہور کی چھتوں سے رقص کرتی رنگ برنگی پتنگوں اور ’بو کاٹا‘ کے شور کا بھرپور لطف اٹھایا۔
لاہور کے شہریوں نے بسنت کی تیاری کے لیے چھتیں قالین، روشنیوں اور دیگر سجاوٹ سے مزین کی ہیں جبکہ حکومت پنجاب کے خصوصی طور پر جاری کردہ بسنت کے گانے شہر بھر میں بج رہے ہیں۔
لاہور میں 6 فروری سے محفوظ بسنت منانے کی اجازت کے بعد شہر میں عید جیسے جشن کا سماں ہے۔
2007 کے بعد طویل وقفے کے بعد حکومت پنجاب نے بسنت جیسے عالمی شہرت یافتہ ثقافتی تہوار کو سرکاری سرپرستی میں بحال کیا، جس نے صوبے کی ثقافتی فضاؤں میں نئی جان پھونک دی ہے، شہر کی سب سے بڑی مارکیٹ موچی گیٹ میں بھی پتنگیں اور ڈوریں نایاب ہو گئی ہیں۔
یہ بھی پڑھیں: ماموں اڈیالہ جیل میں اور بھانجا بسنت منا رہاہے،علیمہ خان کا بیٹا شدید تنقید کی زد میں
لاہور کے آسمان میں بلند ہوتی رنگ برنگی پتنگوں کے ساتھ بسنت کی خوشیوں نے نہ صرف مقامی شہریوں بلکہ امریکی وفد کو بھی محظوظ کیا اور یہ تہوار ایک مرتبہ پھر شہر کی ثقافتی شناخت کا حصہ بن گیا۔





