اسلام آباد اور راولپنڈی میں چلنے والی میٹرو بس سروس کو مکمل طور پر بند کر دیا گیا ہے، جس کے باعث روزانہ سفر کرنے والے ہزاروں شہریوں کو شدید مشکلات کا سامنا ہے۔ میٹرو بس انتظامیہ کے مطابق میٹرو بس سروس صدر اسٹیشن سے پاک سیکرٹریٹ تک معطل کر دی گئی ہے۔
میٹرو بس حکام کا کہنا ہے کہ یہ فیصلہ ضلعی انتظامیہ کی ہدایات کی روشنی میں کیا گیا ہے، تاہم سروس کی معطلی کی مدت کے حوالے سے تاحال کوئی حتمی اعلان نہیں کیا گیا۔ انتظامیہ کے مطابق حالات معمول پر آنے کے بعد سروس بحال کیے جانے کا امکان ہے۔
دوسری جانب راولپنڈی میں چلنے والی الیکٹرک بس سروس بھی بند کر دی گئی ہے، جس سے شہریوں کی سفری مشکلات میں مزید اضافہ ہو گیا ہے۔ دفاتر، اور دیگر اہم مقامات پر جانے والے مسافر متبادل ذرائع آمدورفت استعمال کرنے پر مجبور ہیں، جس کے باعث ٹرانسپورٹ کے کرایوں میں بھی اضافہ دیکھنے میں آ رہا ہے۔
شہریوں نے میٹرو اور الیکٹرک بس سروس کی بندش پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے مطالبہ کیا ہے کہ جلد از جلد پبلک ٹرانسپورٹ بحال کی جائے تاکہ روزمرہ معمولات متاثر نہ ہوں۔
انتظامیہ کی جانب سے سیکیورٹی اور انتظامی صورتحال کا جائزہ لیا جا رہا ہے، جبکہ شہریوں کو ہدایت کی گئی ہے کہ غیر ضروری سفر سے گریز کریں اور متبادل راستے اختیار کریں۔





