ٹی20 ورلڈ کپ! افغانستان کا نیوزی لینڈ کو 183 رنز کا ہدف

ٹی20 ورلڈ کپ! افغانستان کا نیوزی لینڈ کو 183 رنز کا ہدف

انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) ٹی 20 ورلڈ کپ 2026 کے چوتھے میچ میں افغانستان نے شاندار بیٹنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے نیوزی لینڈ کو جیت کے لیے 183 رنز کا ہدف دے دیا۔ یہ میچ بھارت کے شہر چنئی میں کھیلا جا رہا ہے۔

میچ میں افغانستان نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا۔ اوپنرز ابراہیم زردان اور رحمان اللہ گرباز نے اننگز کا آغاز کیا اور ٹیم کو مستحکم آغاز فراہم کیا۔ افغانستان کی ٹیم نے مقررہ 20 اوورز میں 6 وکٹوں کے نقصان پر 182 رنز اسکور کیے۔

افغانستان کی جانب سے گلبدین نائب نے شاندار بیٹنگ کرتے ہوئے 63 رنز کی ذمہ دارانہ اننگز کھیلی، جبکہ صدیق اللہ نے 29 رنز بنا کر اسکور کو مضبوط بنانے میں اہم کردار ادا کیا۔ دیگر بیٹرز نے بھی مفید شراکتیں قائم کیں، جس کے باعث افغانستان ایک مضبوط مجموعہ ترتیب دینے میں کامیاب رہا۔

نیوزی لینڈ کی جانب سے لوکی فرگوسن نے عمدہ بولنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے 2 وکٹیں حاصل کیں، تاہم مجموعی طور پر کیوی بولرز افغان بیٹرز کو بڑا اسکور بنانے سے روکنے میں ناکام رہے۔

دوسری جانب، آج ٹی20 ورلڈ کپ کے مزید دو میچز بھی کھیلے جائیں گے۔ انگلینڈ اور نیپال کے درمیان مقابلہ بھارت کے وانکھیڈے اسٹیڈیم میں ہوگا، جبکہ شریک میزبان سری لنکا اور آئرلینڈ کی ٹیمیں کولمبو میں آمنے سامنے ہوں گی۔

واضح رہے کہ ورلڈ کپ کے افتتاحی روز تین میچز کھیلے گئے تھے، جن میں پاکستان نے نیدر لینڈز کو، ویسٹ انڈیز نے اسکاٹ لینڈ کو جبکہ میزبان بھارت نے امریکا کو شکست دی تھی۔

یاد رہے کہ آئی سی سی ٹی20 ورلڈ کپ 2026 میں مجموعی طور پر 20 ٹیمیں شریک ہیں، جنہیں 4 گروپوں میں تقسیم کیا گیا ہے، اور ہر ٹیم سپر مرحلے تک رسائی کے لیے سخت مقابلہ کر رہی ہے۔

Scroll to Top