وفاقی وزیر خزانہ اور ایم ڈی ورلڈ بینک کی ملاقات، پاکستان کے 20 ارب ڈالر کے ترقیاتی پروگرام پر اتفاق

وفاقی وزیر خزانہ و محصولات سینیٹر محمد اورنگزیب نے سعودی عرب میں منعقدہ سالانہ العلاء کانفرنس برائے ابھرتی ہوئی مارکیٹ معیشتیں کے موقع پر ورلڈ بینک گروپ کی منیجنگ ڈائریکٹر محترمہ آنا بیئرڈے سے ملاقات کی۔

ملاقات کے دوران گزشتہ ہفتے صدر ورلڈ بینک کے پاکستان کے دورے کی پیش رفت کا جائزہ لیتے ہوئے دونوں جانبوں نے کنٹری پارٹنرشپ فریم ورک  کے تحت ہونے والی پیش رفت کا جائزہ لیا اور ترقیاتی تعاون کو مزید مضبوط بنانے کے لیے مستقبل کے اقدامات پر تبادلہ خیال کیا۔

بات چیت میں توانائی تعلیم، صحت، ماحولیاتی لچک، قرض کے بدلے ترقیاتی اقدامات، مالیاتی اصلاحات، اور بنیادی ڈھانچے کی ترقی سمیت کئی ترجیحی شعبوں کو زیرِ بحث لایا گیا۔

خصوصی توجہ اس بات پر دی گئی کہ زیادہ مرکوز حکمت عملی اپنائی جائے، واضح کارکردگی کے ٹریکرز متعارف کروائے جائیں، اور وعدوں کو عملی نتائج میں بدلنے کے لیے زیادہ مضبوط اور مؤثر نفاذ کے میکانزم یقینی بنائے جائیں۔

آنا بیئرڈے نے پاکستان کے لیے ورلڈ بینک گروپ کے دس سالہ ترقیاتی پروگرام (20 ارب امریکی ڈالر) میں مضبوط عزم کا اعادہ کیا اور پاکستان کے اصلاحاتی اور ترقیاتی ایجنڈے کے لیے بینک کی مسلسل حمایت پر زور دیا۔

انہوں نے اس پروگرام کے زیادہ سے زیادہ ترقیاتی اثرات کے لیے مسلسل مشغولیت اور مؤثر عمل درآمد کی اہمیت پر بھی روشنی ڈالی۔

سینیٹر محمد اورنگزیب نے حکومت پاکستان کی ورلڈ بینک گروپ کے ساتھ قریبی تعاون کے عزم کو دہرایا اور متعلقہ وفاقی وزارتوں کے ذریعے مکمل تعاون کی یقین دہانی کروائی۔

انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ صوبائی حکومتوں کا کردار اور تعاون بہتر ہم آہنگی، بروقت عمل درآمد، اور پروگرام کے تحت قابل پیمائش نتائج کی فراہمی کے لیے انتہائی اہم ہے۔

یہ بھی پڑھیں: حکومت نے آئی ایم ایف کے سامنے گھٹنے ٹیک دیئے، سرکاری ملازمین کیلئے بری خبر

یاد رہے کہ 2025 میں شروع ہونے والی العلاء کانفرنس برائے ابھرتی ہوئی مارکیٹ معیشتیں میں دنیا بھر کے وزرائے خزانہ، مرکزی بینک کے گورنرز، سینئر پالیسی ساز، بین الاقوامی مالیاتی اداروں کے سربراہان اور ماہرین شرکت کرتے ہیں.

Scroll to Top