پاکستان پیپلز پارٹی کے سیکرٹری جنرل محمد ہمایون خان نے تحریکِ انصاف کی شٹر ڈاؤن ہڑتال پر شدید ردعمل دیتے ہوئے کہا کہ یہ کال مکمل طور پر ناکام ہو چکی ہے۔
ہمایون خان نے کہا کہ عوام نے انتشار، منفی سیاست اور زبردستی کی کالوں کو مسترد کر دیا ہے اور کاروباری مراکز، بازار اور معمولاتِ زندگی معمول کے مطابق جاری رہے، جو اس بات کا ثبوت ہے کہ لوگ اب ایسے ہتھکنڈوں کے سامنے نہیں جھک رہے۔
ہمایون خان نے مزید کہا کہ ملک کو احتجاج نہیں بلکہ استحکام، معاشی بحالی اور عوامی فلاح کی ضرورت ہے۔
سیکرٹری جنرل پیپلزپارٹی ہمایون خان نے واضح کیا کہ پاکستان پیپلز پارٹی عوامی مسائل کے حل کے لیے اپنا مثبت اور جمہوری کردار مستقل طور پر ادا کرتی رہے گی۔





