ڈرامے کرنے میں علی امین گنڈاپور موجودہ وزیراعلیٰ سے بہتر تھے، حقیقت آشکار ہونے پر سائیڈ لائن کر دیا گیا، ایمل ولی

عوامی نیشنل پارٹی (اے این پی) کے مرکزی صدر ایمل ولی خان نے موجودہ سیاسی صورتحال پر شدید تنقید کرتے ہوئے کہا ہے کہ ڈرامے کرنے میں علی امین گنڈاپور موجودہ وزیراعلیٰ سے بہتر تھا تاہم جب اس کی حقیقت سب پر آشکار ہوئی تو اسے سائیڈ لائن کر کے ڈرامہ جاری رکھنے کے لیے ایک اور شخص کو سامنے لے آیا گیا۔

انہوں نے کہا کہ عوامی نیشنل پارٹی اقتدار، مفاہمت یا قبولیت کی سیاست نہیں کرتی بلکہ اپنی قوم کی سیاست کرتی ہے، ان کا کہنا تھا کہ موجودہ وزیراعلیٰ بھی انہی قوتوں کا نمائندہ ہے اور یہ تمام ڈرامے پختون قوم کو دھوکہ دینے کے لیے رچائے جا رہے ہیں۔

ایمل ولی خان نے موجودہ حالات پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ پختون قوم بالخصوص تیراہ کے عوام اس وقت بے یارو مددگار دکھائی دے رہے ہیں جبکہ وفاق میں بیٹھے حکمرانوں کی تمام تر توجہ صرف پنجاب پر مرکوز ہے۔

انہوں نے الزام عائد کیا کہ خیبر پختونخوا میں جن لوگوں کو حکمرانی سونپی گئی ہے، انہیں یہاں کے عوام سے کوئی سروکار نہیں۔

اے این پی کے مرکزی صدر نے کہا کہ یہ انتہائی افسوسناک امر ہے کہ حکمران کھلے عام یہ اعتراف کر رہے ہیں کہ عوام نے انہیں ایک قیدی کی رہائی کے لیے ووٹ دیا۔

عوامی نیشنل پارٹی کئی برسوں سے حالات کی سنگینی کے بارے میں خبردار کرتی آ رہی ہے اور راولپنڈی میں پیش آنے والا حالیہ واقعہ اس کی واضح مثال ہے۔

یہ بھی پڑھیں: ‏9 مئی ریڈیو پاکستان حملہ کیس:نادرا نے وزیراعلی سہیل آفریدی کے ملوث ہونے کی تصدیق کر دی

ایمل ولی خان نے مزید کہا کہ بدقسمتی سے جب ریاست کی سوچ میں دہشتگرد اثاثے بن جاتے ہیں اور ہم اس کے خلاف آواز اٹھاتے ہیں تو ہمیں کبھی غدار اور کبھی اسلام دشمن قرار دیا جاتا ہے۔

Scroll to Top