وزارتِ مذہبی امور نے حج 2026 کے خواہشمند عازمین کے لیے بائیومیٹرک کرانے کی آخری تاریخ میں توسیع کرتے ہوئے اب 17 فروری تک مہلت دے دی ہے۔
وزارت کے مطابق سعودی حکومت کی ہدایات کے تحت حج ویزا کے حصول کے لیے بائیومیٹرک لازمی قرار دی گئی ہے، اور بائیومیٹرک مکمل نہ کرانے والے عازمین کو حج ویزا جاری نہیں کیا جائے گا۔
وزارت مذہبی امور کے ترجمان کا کہنا ہے کہ 17 فروری کے بعد کسی بھی عازم کو بائیومیٹرک مکمل کرنے کی اجازت نہیں ہوگی، اور جو افراد مقررہ تاریخ تک بائیومیٹرک نہ کرا سکے، وہ رواں برس حج کی سعادت حاصل نہیں کر سکیں گے۔
ترجمان کے مطابق عازمین کی سہولت کے لیے سعودی ویزا بائیو موبائل ایپ متعارف کروائی گئی ہے، جس کے ذریعے عازمین گھر بیٹھے بائیومیٹرک پراسیس مکمل کر سکتے ہیں۔
اس کے علاوہ ملک بھر میں قائم تاشیر سینٹرز بھی عازمین کے لیے کھلے رہیں گے تاکہ وہ باآسانی اپنی بائیومیٹرک مکمل کرا سکیں۔
وزارت نے عازمین حج پر زور دیا ہے کہ وہ آخری تاریخ کا انتظار کیے بغیر فوری طور پر بائیومیٹرک کے لیے سعودی ویزا مراکز سے رجوع کریں تاکہ کسی قسم کی پریشانی یا تاخیر سے بچا جا سکے۔
یہ بھی پڑھیں : ملتان سلطانز کی نیلامی، پی ایس ایل کی تاریخ بدلنے کا امکان
ترجمان نے مزید بتایا کہ 80 برس سے زائد عمر کے عازمین حج کو بائیومیٹرک سے مستثنیٰ قرار دیا گیا ہے۔ ان عازمین کے چہرے اور فنگر پرنٹس اسکین نہیں کیے جائیں گے، تاہم ان کے پاسپورٹ کی اسکیننگ لازمی ہوگی۔
پراسیس مکمل ہونے کے بعد متعلقہ تصدیقی ای میل عازمین کے ان باکس میں موصول ہوگی، اور عازمین کو ہدایت کی گئی ہے کہ وہ عمل مکمل ہونے کے بعد رسید ضرور حاصل کریں۔
وزارت مذہبی امور کے مطابق بائیومیٹرک کے عمل کو بروقت مکمل کرنا حج انتظامات کے لیے نہایت اہم ہے، تاکہ سعودی ویزا کے اجرا اور دیگر مراحل میں کسی قسم کی رکاوٹ پیش نہ آئے۔





