واشنگٹن: امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے بھارت میں جاری ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ میں شریک امریکی کرکٹ ٹیم کی حمایت میں کھل کر بیان دے دیا ہے۔
صدر ٹرمپ نے اپنے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ٹروتھ سوشل پر ایک پوسٹ میں کہا کہ انہیں علم ہوا ہے کہ بھارت میں کرکٹ ورلڈ کپ جاری ہے، اور اس موقع پر انہوں نے امریکی ٹیم یو ایس اے کے لیے نیک تمناؤں کا اظہار کیا۔
صدر ٹرمپ نے اپنے بیان میں کہا کہ ہماری ٹیم بہت مضبوط ہے اور ہمیں یقین ہے کہ وہ بہترین کارکردگی دکھائے گی۔
واضح رہے کہ امریکہ کی ٹیم نے اپنے پہلے میچ میں بھارت کے خلاف 29 رنز سے شکست کھائی تھی۔ اس کے باوجود صدر ٹرمپ کی جانب سے ٹیم کی حمایت اور حوصلہ افزائی کا پیغام شائقین کرکٹ کے لیے دلچسپی کا باعث بنا ہے۔
کرکٹ شائقین کا کہنا ہے کہ امریکی صدر کی حمایت امریکی ٹیم کے حوصلے بڑھانے میں مددگار ثابت ہو سکتی ہے، جبکہ ٹیم اگلے میچز میں بہتر کارکردگی دکھانے کی کوشش کرے گی۔
یہ بھی پڑھیں : اوبامہ جوڑے کی متنازع ویڈیو پر ٹرمپ کا معافی سے انکار
یاد رہے کہ امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے اپنے سوشل میڈیا اکاؤنٹ پر شیئر کی گئی ایک متنازع ویڈیو پر معافی مانگنے سے انکار کر دیا۔
ویڈیو میں موجود نسل پرستانہ مناظر کی مذمت ضرور کی ہے، ویڈیو میں سابق صدر باراک اوبامہ اور سابق خاتونِ اول مشیل اوبامہ کو بندروں کی شکل میں دکھایا گیا تھا۔
فرانسیسی خبر رساں ادارے اے ایف پی کے مطابق یہ ویڈیو جمعرات کی رات صدر ٹرمپ کے ٹروتھ سوشل اکاؤنٹ پر شیئر کی گئی، جس پر امریکی سیاسی حلقوں، خصوصاً ڈیموکریٹس کی جانب سے شدید ردعمل سامنے آیا۔
ابتدا میں وائٹ ہاؤس نے تنقید کو ’جعلی غصہ‘ قرار دے کر مسترد کیا تاہم بعد ازاں اس پوسٹ کی ذمہ داری وائٹ ہاؤس کے ایک عملے کے رکن پر ڈال دی گئی۔
صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے صدر ٹرمپ نے کہا کہ وہ اس پوسٹ پر معافی نہیں مانگیں گے کیونکہ ان کے بقول انہوں نے کوئی غلطی نہیں کی تاہم نسل پرستانہ مواد سے متعلق سوال پر انہوں نے کہا کہ وہ اس کی مذمت کرتے ہیں۔
ڈیموکریٹ رہنماؤں نے اس ویڈیو کو قابلِ نفرت اور توہین آمیز قرار دیا، جبکہ ایک سینیئر ریپبلکن سینیٹر نے بھی اسے کھلے عام نسل پرستانہ کہا۔





