اسلام آباد: وزیر خزانہ محمد اورنگزیب نے سعودی عرب میں سالانہ الولا کانفرنس برائے ایمرجنگ مارکیٹ اکانومی کے موقع پر ورلڈ بینک کی ایم ڈی سے ملاقات کی، جس میں پاکستان کے 10 سالہ ترقیاتی پروگرام، کنٹری پارٹنر شپ فریم ورک، اور ترقیاتی ترجیحات پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
ملاقات کے دوران توانائی، تعلیم، صحت، موسمیاتی تبدیلیوں اور مالیاتی اصلاحات جیسے اہم شعبوں پر بات چیت ہوئی۔
ورلڈ بینک کی ایم ڈی نے پاکستان کے 20 ارب ڈالر کے ترقیاتی پروگرام کے لیے بینک کی مکمل حمایت کا اعادہ کیا اور پروگرام کے ترقیاتی اثرات کو زیادہ سے زیادہ کرنے کے لیے موثر عمل درآمد کی اہمیت کو اجاگر کیا۔
وزیر خزانہ محمد اورنگزیب نے ورلڈ بینک کے ساتھ قریبی تعاون کے عزم کا اعادہ کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان میں ترقیاتی منصوبوں کی کامیابی کے لیے بہتر کوآرڈینیشن اور بروقت عمل درآمد ضروری ہے۔
انہوں نے متعلقہ وفاقی وزارتوں کے ذریعے مکمل تعاون کی یقین دہانی کراتے ہوئے کہا کہ صوبائی حکومتوں کا تعاون بھی پروگرام کے کامیاب نفاذ کے لیے لازمی ہے۔
یہ بھی پڑھیں : چانگان کی خصوصی آفر: لاکھوں روپے کی بچت کے ساتھ نئی گاڑی خریدیں
وزیر خزانہ نے مزید کہا کہ حکومت کی ترجیحات میں عوامی خدمات میں بہتری، توانائی اور موسمیاتی تبدیلیوں سے نمٹنے کے اقدامات، اور صحت و تعلیم کے شعبے کی مضبوطی شامل ہیں، اور ورلڈ بینک کے تعاون سے یہ اہداف حاصل کرنا ممکن ہوگا۔
اس ملاقات کے بعد دونوں فریقین نے مشترکہ عزم کا اظہار کیا کہ پاکستان میں ترقیاتی پروگراموں کی منصوبہ بندی اور عمل درآمد میں شفافیت اور مؤثر طریقہ کار کو یقینی بنایا جائے گا تاکہ معاشی اور سماجی ترقی کے اہداف پورے کیے جا سکیں۔





