وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا سہیل آفریدی نے شٹر ڈاؤن اور پہیہ جام ہڑتال کو کامیاب قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ تحریک تحفظ آئین پاکستان میں تمام سیاسی جماعتوں نے بھرپور اور مؤثر کردار ادا کیا۔
سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر جاری اپنے بیان میں وزیراعلیٰ سہیل آفریدی نے کہا کہ وہ کامیاب شٹر ڈاؤن اور پہیہ جام ہڑتال پر تحریک میں شامل تمام سیاسی جماعتوں کو مبارکباد پیش کرتے ہیں اور پاکستانی عوام کے شکر گزار ہیں جنہوں نے دل و جان سے اس احتجاج میں حصہ لیا۔
انہوں نے کہا کہ عوام نے ایک بار پھر ثابت کر دیا ہے کہ وہ عمران خان کے ساتھ تھے، ہیں اور رہیں گے۔ وزیراعلیٰ کے مطابق پورے پاکستان میں عوامی شرکت نہ صرف خوش آئند ہے بلکہ جمہوری شعور کی عکاس بھی ہے۔
سہیل آفریدی نے مزید کہا کہ آئین و قانون کی بالادستی اور آزاد عدلیہ کی بحالی کی جدوجہد میں ہر چھوٹا بڑا ایونٹ غیر معمولی اہمیت رکھتا ہے۔ انہوں نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ تحریک پُرامن رہے گی، نہ گالی دی جائے گی اور نہ گولی چلائی جائے گی، بلکہ آئین اور قانون کے دائرے میں رہتے ہوئے احتجاج جاری رکھا جائے گا۔





