ٹی 20 ورلڈ کپ : پاکستان کا بھارت کیخلاف میچ کا بائیکاٹ،بنگلہ دیش کرکٹ بورڈ بھی میدان میں آگیا

بنگلا دیش کرکٹ بورڈ نے پاکستان سے بھارت کے خلاف میچ کے بائیکاٹ پر نظرثانی کرنے کی درخواست کر دی ہے۔

ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ 2026 سے متعلق جاری تنازع میں یہ پیش رفت ایک اہم موڑ قرار دی جا رہی ہے۔

گلف نیوز کی رپورٹ کے مطابق بنگلا دیش کرکٹ بورڈ کے صدر امین الاسلام نے لاہور میں پاکستان کرکٹ بورڈ کے چیئرمین محسن نقوی سے ملاقات کے دوران اس معاملے پر بات چیت کی۔

امین الاسلام کا کہنا تھا کہ وہ پاکستان کے مؤقف اور جذبات کو سمجھتے ہیں، تاہم عالمی کرکٹ کے وسیع تر مفاد میں اس بائیکاٹ پر دوبارہ غور کیا جانا چاہیے۔ اس ملاقات میں آئی سی سی کے نائب چیئرمین عمران خواجہ بھی شریک تھے۔

یہ معاملہ اس وقت شدت اختیار کر گیا تھا جب بنگلا دیش کرکٹ بورڈ نے سیکیورٹی خدشات اور انتہاپسند عناصر کی دھمکیوں کے باعث اپنے ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ کے میچز بھارت کے بجائے سری لنکا میں کرانے کی درخواست کی تھی۔ آئی سی سی کی جانب سے یہ درخواست منظور نہ کیے جانے کے بعد بنگلا دیش کو ٹورنامنٹ سے باہر کر دیا گیا، جبکہ اس کی جگہ اسکاٹ لینڈ کو شامل کیا گیا تھا۔

Scroll to Top