معاون خصوصی برائے اطلاعات شفیع جان کا وزیراعلی مریم نواز کے بیان پر ردعمل

وزیراعلی خیبرپختونخوا کے معاون خصوصی برائے اطلاعات وتعلقات عامہ شفیع جان نےمریم نواز کے حالیہ بیان پر سخت ردعمل دیتے ہوئے کہا ہے کہ پنجاب کی جعلی وزیراعلیٰ ملک بھر میں کامیاب شٹر ڈاؤن ہڑتال کے بعد بوکھلاہٹ کا شکار ہو چکی ہیں۔

شفیع جان نے کہا کہ ہڑتال کی کامیابی سے واضح ہوگیا ہے کہ جعلی وزیراعلیٰ کی سیاسی چالیں ناکام ہو گئی ہیں۔

شفیع جان نے مزید کہا کہ پاکستان تحریک انصاف ملک کی سب سے مقبول اور پرامن سیاسی جماعت ہے اور سپریم کورٹ پر چڑھائی کرنے والی جماعت کا پی ٹی آئی کے خلاف انتشاری پراپیگنڈہ بھی ناکام ہو چکا ہے۔

انہوں نے کہا کہ جعلی وزیراعلیٰ یہ بھول گئی ہیں کہ قوم نے دو سال قبل شریف خاندان اور ان کے درباریوں کو ووٹ کی طاقت سے مسترد کر دیا تھا اور عوام نے اپنا فیصلہ بانی چیئرمین عمران خان کے حق میں سنا دیا۔

یہ بھی پڑھیں : خیبرپختونخوا کابینہ کا اجلاس طلب، ایجنڈہ جاری

معاون خصوصی نے کہا کہ ووٹ کی حرمت پامال کرنے والوں نے خود عوامی فیصلوں کو پس پشت ڈال کر اقتدار حاصل کرنے کی کوشش کی، جبکہ شریف خاندان کے لیے اقتدار آکسیجن کی حیثیت رکھتا ہے مگر عوام اب ان کی حقیقت جان چکی ہے۔ شفیع جان نے کہا کہ پنجاب میں غیر سنجیدہ جعلی حکمرانوں کے دن گنے جا چکے ہیں اور وفاق اور پنجاب پر مسلط حکمران جتنے بھی حربے استعمال کریں، عوامی طاقت عمران خان کے ساتھ ہے۔

شفیع جان نے خبردار کیا کہ پنجاب میں پاکستان تحریک انصاف کے خلاف ظلم و جبر تاریخ کا سیاہ باب بنے گا اور مینڈیٹ چور حکومتیں عوامی آواز کو دبانے میں ناکام رہیں گی۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان تحریک انصاف آئینی، قانونی اور جمہوری جدوجہد پر یقین رکھتی ہے اور عوام عمران خان کے ساتھ کھڑی ہیں، جلد قوم کو جعلی حکمرانوں سے نجات دلائی جائے گی

Scroll to Top