اسلام آباد: نیپرا (نیشنل الیکٹرک پاور ریگولیٹری اتھارٹی) نے نیٹ میٹرنگ ریگولیشنز 2026 کا باضابطہ نوٹیفکیشن جاری کر دیا ہے، جس کے تحت بجلی پیدا کرنے والے صارفین، بشمول بائیوگیس صارفین، اب نئے قواعد کے مطابق نیٹ بلنگ کے نظام کے تحت بجلی استعمال اور فروخت کریں گے۔
نوٹیفکیشن کے مطابق نئی ریگولیشنز کے تحت بلنگ سائیکل کے اختتام پر صارفین کے بل جاری کیے جائیں گے۔
صارفین جو اضافی بجلی پیدا کرتے ہیں، اس کی خریداری نیشنل ایوریج انرجی پرائس کے مطابق کی جائے گی، جبکہ وہ بجلی جو صارفین استعمال کریں گے، موجودہ رائج ٹیرف کے مطابق فراہم کی جائے گی۔
نیٹ میٹرنگ کے تحت پیدا شدہ اضافی بجلی کی قیمت صارفین کو سہ ماہی بنیادوں پر ادا کی جائے گی تاکہ ہر صارف کو اپنی پیدا کردہ بجلی کے عوض منصفانہ ادائیگی ہو سکے۔
معاہدے کی مدت اب 5 سال تک محدود کر دی گئی ہے، اور معاہدے کے اختتام پر صارفین کو مزید 5 سال کے لیے تجدید کا موقع فراہم کیا جائے گا۔
یہ بھی پڑھیں : آن لائن ٹیکسی چلانے والے افراد کیلئے اہم خبر آ گئی
نوٹیفکیشن میں واضح کیا گیا ہے کہ نئی ریگولیشنز نافذ ہونے کے بعد نیٹ میٹرنگ ریگولیشنز 2015 معطل ہو جائیں گی۔
نیپرا کے مطابق اس اقدام کا مقصد نیٹ میٹرنگ کے عمل کو شفاف اور منظم بنانا اور صارفین کو پیدا شدہ بجلی کے عوض مناسب معاوضہ فراہم کرنا ہے، تاکہ پاکستان میں توانائی کی بچت اور متبادل توانائی کے استعمال کو فروغ دیا جا سکے۔





