اسلام آباد: نادرا نے شہریوں کے لیے قومی شناختی کارڈ (NIC) کی تجدید اور گمشدہ کارڈ کے دوبارہ حصول کے عمل کو آسان بنانے کے لیے ملک بھر میں ای فرنچائز مراکز قائم کر دیے ہیں۔
اس سہولت سے شہریوں کو مرکزی دفاتر جانے کی ضرورت نہیں رہی اور وہ اپنے قریبی مراکز سے اپنی خدمات حاصل کر سکتے ہیں۔
ای فرنچائز کے ذریعے شناختی کارڈ کی تجدید اور گمشدہ کارڈ کی واپسی کے عمل کو آسان اور محفوظ بنایا گیا ہے۔
نادرا کے ترجمان سید شباہت علی نے نجی ٹی وی کے پروگرام میں بتایا کہ ابتدائی طور پر 18 ای فرنچائز مراکز قائم کیے گئے تھے، جن کے مثبت نتائج کے بعد آج ملک بھر میں ان کی تعداد دو ہزار سے زائد ہو گئی ہے۔
انہوں نے شہریوں کو سہولت استعمال کرنے کا طریقہ بھی بتایا۔ ترجمان کا کہنا تھا کہ اس سہولت کے لیے نہ تو اسمارٹ فون کی ضرورت ہے اور نہ ہی انٹرنیٹ، بلکہ شہری اپنے محلے کی فرنچائز پر جا کر اپنا این آئی سی نمبر فراہم کریں گے، جس کے بعد دکاندار شہری کی تصویر اور فنگر پرنٹس کو نادرا کے ریکارڈ سے تصدیق کرے گا اور مسئلہ حل کر دے گا۔
نادرا ترجمان نے واضح کیا کہ ای فرنچائز صرف شناختی کارڈ کی تجدید اور گمشدہ کارڈ کے حصول تک محدود ہے، اور اس کے لیے کسی ایف آئی آر کی ضرورت نہیں ہوتی۔
یہ بھی پڑھیں : عمران خان کے حوالے سے وزیر مملکت کا بڑا بیان
سیکیورٹی کے حوالے سے سید شباہت علی نے کہا کہ شہری نادرا کی پاک آئڈینٹیٹی ایپ کے ذریعے یہ دیکھ سکتے ہیں کہ ان کے این آئی سی نمبر، فنگر پرنٹس یا کیو آر کوڈ سے کب، کیسے اور کس نے ڈیٹا حاصل کیا۔
انہوں نے خواتین کے لیے بھی سہولت بیان کی کہ شناختی کارڈ کے حصول کے لیے والدین کا کارڈ دکھانا لازمی نہیں، بلکہ بی فارم کے ڈیٹا، شوہر کی رجسٹریشن یا میرج سرٹیفیکیٹ کے ذریعے بھی شناختی کارڈ حاصل کیا جا سکتا ہے۔
نادرا کی جانب سے فراہم کردہ یہ سہولت شہریوں کے لیے شناختی کارڈ کے حصول کو نہ صرف آسان بنائے گی بلکہ محفوظ اور شفاف طریقے سے عمل درآمد ممکن بنائے گی۔





