آئی سی سی ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ میں پاکستان کرکٹ ٹیم گروپ مرحلے کا اپنا دوسرا میچ آج امریکا کے خلاف کھیلے گی۔
یہ میچ پاکستانی وقت کے مطابق شام ساڑھے چھ بجے سری لنکا کے دارالحکومت کولمبو میں کھیلا جائے گا، جہاں دونوں ٹیمیں میدان میں ایکشن میں نظر آئیں گی۔
میچ سے قبل قومی ٹیم نے کولمبو میں بھرپور پریکٹس سیشن کیا، جس میں کھلاڑیوں نے بیٹنگ، بولنگ اور فیلڈنگ کے شعبوں میں خامیوں کو دور کرنے پر خصوصی توجہ دی۔
ٹیم مینجمنٹ کا کہنا ہے کہ کھلاڑی مکمل طور پر تیار ہیں اور امریکا کے خلاف میچ میں بہتر کارکردگی دکھانے کے لیے پُرعزم ہیں۔
واضح رہے کہ گرین شرٹس نے ٹورنامنٹ کے اپنے پہلے میچ میں نیدر لینڈز کو سنسنی خیز مقابلے کے بعد 3 وکٹوں سے شکست دی تھی، جس سے ٹیم کے حوصلے بلند ہیں۔
دوسری جانب بھارت نے اپنے پہلے میچ میں امریکا کو 29 رنز سے ہرا دیا تھا، جس کے بعد یہ مقابلہ دونوں ٹیموں کے لیے اہمیت اختیار کر گیا ہے۔
کرکٹ ایکسپرٹ کے مطابق امریکا کے خلاف میچ میں کامیابی پاکستان کی سیمی فائنل کی دوڑ کو مزید مضبوط بنا سکتی ہے، جبکہ شائقین بھی گرین شرٹس سے ایک بھرپور اور جارحانہ کارکردگی کی توقع کر رہے ہیں۔
یہ بھی پڑھیں: پاکستانی فاسٹ بولر کا حیران کن فیصلہ، امریکی ٹیم میں شمولیت
جبکہ دوسری جانب آئی سی سی ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ 2026 کے لیے امریکی اسکواڈ میں لاہور سے تعلق رکھنے والے پاکستانی نژاد فاسٹ بولر احسان عادل کو شامل کر لیا گیا ہے۔
یہ فیصلہ امریکی کرکٹ ٹیم کے کھلاڑی جسدیپ سنگھ کے ان فٹ ہونے کے بعد کیا گیا، جس کی باقاعدہ منظوری آئی سی سی کی ٹیکنیکل کمیٹی نے دی ہے۔
احسان عادل پہلے بھی پاکستان کی نمائندگی کر چکے ہیں اور 2015 کے ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ میں پاکستان کی ٹیم کا حصہ رہ چکے ہیں۔
اس کے علاوہ انہوں نے پاکستان کی جانب سے تین ٹیسٹ اور چھ ون ڈے میچز بھی کھیلے ہیں۔
کرکٹ ماہرین کے مطابق احسان عادل کی شمولیت امریکی اسکواڈ کے لیے ایک مضبوط اضافہ ہے، کیونکہ ان کی فاسٹ بولنگ اور بین الاقوامی تجربہ ٹیم کے لیے قیمتی ثابت ہوگا۔





