پشاور: کوہاٹ میں شہر کی ترقی بنیادی سہولیات کی فراہمی اور جاری ترقیاتی منصوبوں کی پیش رفت کا جائزہ لینے کے لیے وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا کے معاونِ خصوصی برائے اطلاعات و تعلقات عامہ شفیع جان کی زیرِ صدارت ڈپٹی کمشنر آفس میں ایک اہم اعلیٰ سطحی اجلاس منعقد ہوا۔
اجلاس میں ڈپٹی کمشنر کوہاٹ محمد نواز وزیر، ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر (فنانس اینڈ پلاننگ) عامر علی شاہ، خیبرپختونخوا سٹیز امپروومنٹ پروجیکٹ کے چیف انجینئر، سوئی ناردرن گیس کے نمائندے، اربن ایریا ڈیولپمنٹ اتھارٹی کے حکام اور رکن قومی اسمبلی شہریار آفریدی کے فوکل پرسن قاسم زبیر نے شرکت کی۔
اجلاس کے دوران کوہاٹ شہر میں سڑکوں کی تعمیر و مرمت، گیس لائنوں کی تنصیب، نکاسیٔ آب کے نظام، شہری خوبصورتی، بنیادی سہولیات کی فراہمی اور مجموعی انفراسٹرکچر کی بہتری سے متعلق امور پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔
شرکاء نے جاری منصوبوں میں حائل رکاوٹوں، مختلف اداروں کے درمیان رابطے کے مسائل اور عوامی شکایات کا بھی جائزہ لیا۔
معاونِ خصوصی اطلاعات شفیع جان نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے متعلقہ اداروں کو ہدایت کی کہ وہ باہمی رابطے اور مکمل ہم آہنگی کے ساتھ کام کریں تاکہ ترقیاتی منصوبوں میں تاخیر سے بچا جا سکے اور شہریوں کو درپیش مسائل کا بروقت اور مؤثر حل ممکن بنایا جا سکے۔
انہوں نے کہا کہ وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا کی واضح ہدایات کے مطابق شہری سہولیات کی بہتری صوبائی حکومت کی اولین ترجیح ہے۔
یہ بھی پڑھیں : بنوں پولیس کی بہادری کا اعتراف، اعلیٰ افسران نے جوانوں کو انعامات دیے
شفیع جان نے واضح کیا کہ کوہاٹ جیسے اہم شہر کی ترقی میں کسی قسم کی غفلت، سستی یا کوتاہی ہرگز برداشت نہیں کی جائے گی۔ انہوں نے ترقیاتی منصوبوں کے معیار، شفافیت اور بروقت تکمیل پر خصوصی زور دیا۔
اجلاس کے دوران مختلف تجاویز اور سفارشات پر غور کیا گیا جبکہ متعلقہ محکموں کو واضح ٹائم لائنز کے ساتھ ذمہ داریاں تفویض کی گئیں۔
اجلاس میں کیے گئے فیصلوں پر فوری عملدرآمد کو یقینی بنانے کی ہدایت بھی جاری کی گئی تاکہ کوہاٹ کے شہریوں کو بہتر سہولیات میسر آ سکیں اور شہر کی مجموعی ترقی کے عمل کو مزید تیز کیا جا سکے۔





