آئی سی سی ٹی 20 ورلڈ کپ کے دسویں میچ میں نیدرلینڈز نے نمیبیا کے خلاف ٹاس جیت کر پہلے فیلڈنگ کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ یہ میچ دہلی کے ارون جیٹلی اسٹیڈیم میں کھیلا جا رہا ہے۔
نیدرلینڈز کے کپتان نے ٹاس کے بعد گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ صبح کے وقت پچ پر اوس کے باعث ہلکی سیم موومنٹ متوقع ہے، جس کا فائدہ اٹھانے کے لیے پہلے بولنگ کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ انہوں نے بتایا کہ ٹیم میں دو تبدیلیاں کی گئی ہیں تاکہ بولنگ اٹیک کو مزید مضبوط بنایا جا سکے۔
دوسری جانب نمیبیا کے کپتان کا کہنا تھا کہ وہ بھی ٹاس جیت کر پہلے بولنگ کرنا چاہتے تھے، تاہم اب ٹیم کی کوشش ہوگی کہ بیٹنگ میں اچھا مجموعہ ترتیب دے کر نیدرلینڈز پر دباؤ ڈالا جائے۔
واضح رہے کہ نیدرلینڈز کو ایونٹ کے افتتاحی میچ میں پاکستان کے ہاتھوں تین وکٹوں سے شکست کا سامنا کرنا پڑا تھا، جبکہ نمیبیا کی ٹیم آج ٹی 20 ورلڈ کپ میں اپنا پہلا میچ کھیل رہی ہے۔ شائقین کرکٹ کو دونوں ٹیموں کے درمیان ایک دلچسپ اور سنسنی خیز مقابلے کی توقع ہے۔





