پاک بھارت مقابلہ نہ ہوتا تو آئی سی سی کو کتنا نقصان ہوتا؟ تفصیلات سامنے آگئیں

پاک بھارت مقابلہ نہ ہوتا تو آئی سی سی کو کتنا نقصان ہوتا؟ تفصیلات سامنے آگئیں

ٹی 20 ورلڈ کپ 2026 میں پاک بھارت میچ کے انعقاد کے فیصلے سے آئی سی سی کو تقریباً 174 ملین امریکی ڈالرز کے مالی نقصان سے بچا لیا گیا ہے۔ بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق اگر یہ میچ نہ ہوتا تو براڈکاسٹرز، گیٹ منی اور دیگر اسپانسرشپ سے ہونے والے نقصانات کا تخمینہ لگایا گیا تھا، جو آئی سی سی کے لیے ایک بڑا دھچکا ثابت ہو سکتا تھا۔

پاک بھارت میچ کی بحالی کے فوری بعد ممبئی اور کولمبو کے ایئر ٹکٹ کی قیمتوں میں نمایاں اضافہ دیکھا گیا۔ بھارتی میڈیا کے مطابق ابتدائی طور پر ٹکٹ کی قیمت میں 10 ہزار سے 60 ہزار روپے تک اضافہ ریکارڈ کیا گیا۔ بڑے میچ کے باعث کولمبو کی ہوٹل انڈسٹری نے بھی خوشی کا اظہار کیا اور سروسز کے لیے اضافی انتظامات کیے ہیں تاکہ شائقین کی بڑھتی ہوئی دلچسپی کو پورا کیا جا سکے۔

واضح رہے کہ حکومت پاکستان نے اپنی جانب سے قومی کرکٹ ٹیم کو ٹی 20 ورلڈ کپ 2026 میں بھارت کے خلاف میچ کھیلنے کی اجازت دے دی ہے۔ جاری اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ پاکستان اپنی شیڈول کے مطابق 15 فروری کو بھارت کے خلاف میچ کھیلے گا۔

ماہرین کے مطابق پاک بھارت میچ نہ صرف شائقین کے لیے انتہائی دلچسپ ہوگا بلکہ آئی سی سی اور کرکٹ مارکیٹ کے لیے بھی مالی طور پر بہت اہمیت رکھتا ہے۔ اس میچ کے انعقاد سے نہ صرف ٹی 20 ورلڈ کپ کی کشش میں اضافہ ہوگا بلکہ شائقین کی دلچسپی اور عالمی اسپانسرشپ کے مواقع بھی بہتر ہوں گے۔

یہ فیصلہ اس بات کی عکاسی کرتا ہے کہ کرکٹ کے سب سے بڑے اور متنازعہ مقابلے میں کھیل اور مالیاتی فوائد دونوں کو ترجیح دی گئی ہے۔

Scroll to Top