پاکستان ٹیلی کمیونیکیشن اتھارٹی (پی ٹی اے) نے تمام موبائل صارفین کے لیے ٹول فری نمبرز (0800XXXXX) پر کال کرنے کی سہولت مفت فراہم کر دی ہے۔
اس سے قبل یہ سہولت صرف فکسڈ لائن صارفین تک محدود تھی۔
پی ٹی اے کی جاری کردہ رپورٹ کے مطابق، پہلے موبائل صارفین کی جانب سے ٹول فری نمبرز پر کی جانے والی کالز پر مخصوص چارجز لاگو ہوتے تھے، تاہم صارفین کے مفادات کے تحفظ اور ٹیلی کام خدمات کی بہتر فراہمی کے لیے اس معاملے پر کارروائی کی گئی اور ضروری اقدامات کیے گئے تاکہ تمام صارفین کے لیے یہ کالز مفت ہو سکیں۔
بیان میں بتایا گیا کہ اس فیصلے سے قبل پی ٹی اے نے تمام متعلقہ اسٹیک ہولڈرز بشمول پی ٹی سی ایل، این ٹی سی، لوکل لوپ آپریٹرز اور سیلولر موبائل کمپنیز کے ساتھ مشاورت کی۔ تفصیلی جائزے اور مثبت مشاورت کے بعد اتفاق کیا گیا کہ تمام ٹول فری نمبرز پر کالز اب موبائل اور فکسڈ لائن دونوں صارفین کے لیے بلا معاوضہ ہوں گی۔
پی ٹی اے نے کہا کہ ادارہ پاکستان میں ٹیلی کام سہولیات تک مساوی رسائی، صارفین کے مفادات کے فروغ اور ایک مؤثر، صارف دوست ٹیلی کمیونیکیشن ماحول کے قیام کے لیے پرعزم ہے۔





