رمضان آتے ہی کوکنگ آئل کی قیمتوں میں اضافہ، شہری پریشان

اسلام آباد: ملک میں مہنگائی کے اثرات بڑھتے جا رہے ہیں اور تازہ رپورٹ کے مطابق کوکنگ آئل کی قیمتوں میں ایک ہفتے میں 60 روپے فی لیٹر تک اضافہ ہو گیا ہے، جس کے بعد یہ اب 550 روپے فی لیٹر تک فروخت ہونے لگا ہے۔

دکانداروں کے مطابق کھلا تیل پہلے 490 روپے فی لیٹر دستیاب تھا، لیکن سپلائی کی کمی اور بڑھتی ہوئی طلب کی وجہ سے قیمتوں میں اضافہ دیکھنے کو ملا ہے۔

ادارہ شماریات نے ہفتہ وار بنیادوں پر مہنگائی کی رپورٹ جاری کی ہے، جس میں بتایا گیا ہے کہ ہفتہ وار مہنگائی کی شرح میں 0.9 فیصد اضافہ ہوا ہے جبکہ سالانہ بنیادوں پر مہنگائی کی شرح 4.84 فیصد ریکارڈ کی گئی ہے۔

رپورٹ میں مزید کہا گیا ہے کہ ایک ہفتے میں 12 اشیا کی قیمتیں مہنگی ہوئیں، 13 اشیا سستی ہوئیں اور 26 اشیا کی قیمتیں مستحکم رہیں۔

مہنگائی میں اضافے والی اشیا میں چینی، ٹماٹر، پیاز، لہسن، دال ماش، مونگ، جبکہ قیمتوں میں کمی درج شدہ اشیا میں آٹا، انڈے،چکن، گڑ، آلو، دال مسور شامل ہے

چند روز قبل ایس آئی ایف سی کے تعاون سے مہنگائی کی شرح میں نمایاں کمی دیکھی گئی تھی اور پاکستان میں مہنگائی کی شرح ساڑھے 6 سال کی کم ترین سطح پرآ گئی تھی۔

نومبر 2024 میں شرح کم ہو کر 4.9 فیصد پر آ گئی تھی، جبکہ سال کے پہلے 5 ماہ میں اوسط شرح 28.62 فیصد سے کم ہو کر 7.88 فیصد رہ گئی تھی۔

یہ بھی پڑھیں : خواجہ آصف نے افغانستان میں کارروائی کا بڑا اشارہ دیدیا، رمضان سے پہلے فیصلہ متوقع

سالانہ بنیادوں پر شہری علاقوں میں افراط زر کی شرح میں کمی دیکھی گئی ہے اور یہ اب 5.2 فیصد پر آ گئی ہے۔ اس کمی نے صارفین پر مہنگائی کے دباؤ کو کم کرنے میں مدد دی ہے۔

ماہرین کے مطابق افراط زر میں مسلسل کمی صارفین اور معیشت پر دباؤ کم کرنے میں معاون ثابت ہو رہی ہے، جبکہ خوراک اور ٹرانسپورٹ کے اخراجات میں کمی نے مہنگائی کو کنٹرول کرنے میں بھی مدد دی ہے۔

تاہم کوکنگ آئل جیسی بنیادی اشیا میں اضافہ عوام کے لیے ایک تشویشناک مسئلہ بن چکا ہے۔

Scroll to Top