سپریم کورٹ کی جانب سے فرینڈ آف دی کورٹ مقرر کیے جانے والے بانی پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے وکیل بیرسٹر سلمان صفدر نے سابق وزیراعظم عمران خان سے ملاقات کی ہے۔
ذرائع کے مطابق بیرسٹر سلمان صفدر کی یہ ملاقات اڈیالہ جیل میں تقریباً تین گھنٹے جاری رہی۔ ملاقات کے بعد وکیل بیرسٹر سلمان صفدر واپس روانہ ہو گئے اور میڈیا سے باضابطہ گفتگو نہیں کی۔
تاہم مختصر بیان میں انہوں نے کہا کہ عدالتی حکم کے مطابق خان صاحب تک مکمل رسائی دی گئی ہے۔ بیرسٹر سلمان صفدر نے مزید کہا’’رپورٹ سپریم کورٹ میں جمع کرانے تک مناسب نہیں کہ میں کچھ کہوں۔ دیکھ لیں، تین گھنٹے کے بعد باہر آیا ہوں، خان صاحب کی صحت ٹھیک ہے۔‘‘
یہ ملاقات اس وقت سامنے آئی ہے جب سپریم کورٹ نے کیس کی نوعیت کے پیشِ نظر بیرسٹر سلمان صفدر کو فرینڈ آف دی کورٹ مقرر کیا تھا تاکہ وہ قانونی طور پر خان صاحب کی موجودہ صورتحال اور صحت کے بارے میں عدالت کو رپورٹ پیش کریں۔





