ایبٹ آباد:یونیورسٹی میں طلبہ گروپوں کے درمیان تصادم ،طالب علم جان کی بازی ہار گیا

ایبٹ آباد کی یونیورسٹی آف سائنس اینڈ ٹیکنالوجی حویلیاں میں بدھ کی دوپہر دو طلبہ گروپوں کے درمیان خونی تصادم ہوا جس کے نتیجے میں ایک طالب علم جاں بحق اور دو زخمی ہو گئے۔

ایبٹ آباد پولیس کے ترجمان اعظم شیر افضل کے مطابق تصادم حویلیاں تھانے کی حدود میں پیش آیا جہاں دو گروپوں کے درمیان لڑائی کے دوران فائرنگ کی گئی۔

ابتدائی معلومات کے مطابق فائرنگ کی زد میں آکر ہری پور سے تعلق رکھنے والا 23 سالہ طالب علم عبداللہ ولد خانزادہ جاں بحق ہو گیا، جبکہ فائرنگ کے اسی واقعے میں میرپور کا رہائشی احسن ولد آصف اور کہال کا رہائشی ریحان ولد عبدالشکور زخمی ہوئے ہیں۔

واقعے کی اطلاع ملتے ہی پولیس کی بھاری نفری نے موقع پر پہنچ کر صورتحال کو قابو میں کر لیا اور زخمیوں کو فوری طور پر طبی امداد کے لیے قریبی اسپتال منتقل کیا۔

پولیس ترجمان کا کہنا ہے کہ واقعے کے محرکات جاننے کے لیے تحقیقات کا آغاز کر دیا گیا ہے اور ملوث افراد کے خلاف قانون کے مطابق کارروائی کی جا رہی ہے۔

Scroll to Top