خیبر: ذکریا مارکیٹ میں بی آئی ایس پی دفتر کے قریب دھماکا، کوئی جانی نقصان نہیں

ہارون شنواری
خیبر:ضلع خیبر کی ذکریا مارکیٹ میں رات گئے ایک زور دار دھماکے کا واقعہ پیش آیا، جو بینظیر انکم سپورٹ پروگرام (بی آئی ایس پی) کی فرنچائز کے قریب ہوا۔

پولیس نے تصدیق کی ہے کہ دھماکہ بارودی مواد پھٹنے کے باعث ہوا، جس سے فرنچائز کو جزوی نقصان پہنچا، تاہم خوش قسمتی سے کسی جانی نقصان کی اطلاع نہیں ہے۔

پولیس حکام کے مطابق دھماکے کی وجہ سے مارکیٹ میں خوف و ہراس پھیل گیا، لیکن چونکہ واقعہ رات گئے پیش آیا اور مارکیٹ بند تھی، اس لیے کوئی زخمی یا ہلاکت نہیں ہوئی۔

علاقہ مکینوں نے بتایا کہ دھماکے کی آواز دور دور تک سنائی دی، جس سے محلے میں شدید خوف و ہراس پایا گیا۔

پولیس نے فوری طور پر جائے وقوعہ کا معائنہ کیا اور متاثرہ جگہ کو محفوظ کر کے مزید تحقیقات شروع کر دی ہیں۔

پولیس ذرائع نے مزید کہا کہ ابتدائی طور پر یہ دھماکہ محدود نوعیت کا معلوم ہوتا ہے، لیکن حادثے کی مکمل وجوہات معلوم کرنے کے لیے تفصیلی تفتیش جاری ہے۔

واقعے کے بعد سیکورٹی اہلکار علاقے میں موجود ہیں تاکہ مارکیٹ اور قریبی دکانوں کی حفاظت کو یقینی بنایا جا سکے اور عوام کو محفوظ رکھا جائے۔

Scroll to Top