تائیوان کی چانگہوا کاؤنٹی میں واقع ایرشوئی جونیئر ہائی سکول نے گریجویشن کے لیے منفرد شرط رکھی ہے۔
تائیون میں طالب علموں کو گریجویشن کی ڈگری حاصل کرنے سے پہلے 15 میٹر بلند دیوار سر کرنا لازمی ہوتا ہے۔
تائی پے 101 ٹاور پر معروف کوہ پیما الیکس ہونولڈ کی مہم کے بعد ملک بھر میں کوہ پیمائی کا شوق ضرور بڑھا تاہم ایرشوئی جونیئر ہائی سکول برسوں سے اس فن کو عملی تعلیم کا حصہ بنائے ہوئے ہے۔
یہ ادارہ نہ صرف تائیوان کی بلند ترین کلائمبنگ وال کا مالک ہے بلکہ اسے باقاعدہ نصاب میں شامل کر کے طلبہ کی جسمانی اور ذہنی تربیت کا ذریعہ بھی بناتا ہے۔
سکول میں ہر طالب علم ہفتے میں چھ اسباق کلائمبنگ کے لیتا ہے، تعلیم مکمل کرنے سے قبل اسے اس پانچ منزلہ عمارت جتنی بلند دیوار پر کامیابی سے چڑھ کر اپنی مہارت ثابت کرنا ہوتی ہے۔
انتظامیہ کے مطابق اس شرط کا مقصد طلبہ میں جسمانی ہم آہنگی، توازن، خود اعتمادی اور غیر معمولی توجہ پیدا کرنا ہے تاکہ وہ عملی زندگی کے چیلنجز کا ڈٹ کر مقابلہ کر سکیں۔
اگرچہ یہ دیوار عام افراد کے لیے خوف کا باعث بن سکتی ہے مگر اسکول کے طلبہ اسے ایک دلچسپ چیلنج اور سنسنی خیز تجربے کے طور پر لیتے ہیں۔
یہ بھی پڑھیں: جسٹس طارق محمود جہانگیری ڈگری کیس ، تحریری فیصلہ جاری
کئی طلبہ تو فارغ اوقات میں اپنے والدین کے ساتھ بھی کلائمبنگ کی مشق کرتے ہیں جس سے نہ صرف ان کی صلاحیتیں نکھرتی ہیں بلکہ خاندانی تعلقات بھی مزید مضبوط ہوتے ہیں۔
یہ سکول تعلیم کو محض کتابوں تک محدود رکھنے کے بجائے ہمت، حوصلے اور خود اعتمادی کی عملی تربیت کا استعارہ بن چکا ہے۔





