عاطف خان ، علی محمد خان سمیت کئی رہنما صوابی جلسے میں کارکن نہیں لیکر گئے، رپورٹ جاری

پشاور ۔ پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) نے 28 فروری کو صوابی میں منعقدہ جلسے میں کارکنوں کی کم تعداد پر داخلی رپورٹ تیار کر لی، جس میں سینئر رہنماؤں کی کارکردگی کو مایوس کن قرار دیا گیا ہے۔

رپورٹ کے مطابق پی ٹی آئی خیبرپختونخوا کے صدر جنید اکبر کو بھیجی گئی اس تفصیلی جائزہ رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ پارٹی کے سینئر رہنما علی محمد خان اور عاطف خان جلسے میں کارکنوں کو لانے میں مکمل طور پر ناکام رہے۔

 8 فروری کو صوابی میں ہونے والا جلسہ گزشتہ عام انتخابات کے خلاف یوم سیاہ منانے کے لیے منعقد کیا گیا تھا، لیکن پارٹی قیادت کارکنوں کی متوقع تعداد کو متحرک کرنے میں ناکام رہی۔

رپورٹ میں انکشاف کیا گیا ہے کہ ایم این اے علی محمد خان کارکنوں کو جلسے میں لانے میں ناکام رہے، جبکہ پی ٹی آئی مردان کے جنرل سیکریٹری نے بھی صوبائی صدر کو مطلع کیا کہ علی محمد خان نے کارکنوں کی قیادت نہیں کی۔ اس کے برعکس، ایم این اے عاطف خان اور وزیر خوراک ظاہر  شاہ 1500 سے زائد کارکنوں کے ہمراہ جلسے میں پہنچے، جبکہ مشیر صحت احتشام علی صرف 300 حامیوں کو لا سکے۔

پی ٹی آئی مردان کے جنرل سیکریٹری ایاز صافی نے رپورٹ کی تصدیق کرتے ہوئے کہا کہ یہ حقائق پر مبنی ہے اور ہر رہنما کی کارکردگی کی درست عکاسی کرتی ہے۔ انہوں نے وضاحت کی کہ علی محمد خان نے اپنے کارکنوں کو جلسے میں نہیں لایا، بلکہ دیگر قافلوں کی قیادت کی۔

دوسری جانب، پی ٹی آئی خیبرپختونخوا کے صدر جنید اکبر نے کہا ہے کہ یہ رپورٹ پارٹی کی مرکزی قیادت کو پیش کی جائے گی، جس کی بنیاد پر آئندہ کے لائحہ عمل کا تعین کیا جائے گا۔

Scroll to Top