پی ایم ڈی سی نے میڈیکل اور ڈینٹل کالجز میں فیس کی مقررہ حد پر سختی سے عملدرآمد کرانے کا اعلان کر دیا ہے۔
مقررہ فیس سے زائد رقم وصول کرنے والے 12 نجی میڈیکل اور ڈینٹل کالجز کو شوکاز نوٹس جاری کر دیے گئے ہیں۔
پی ایم ڈی سی کے مطابق منظور شدہ حد سے زیادہ فیس لینے والے اداروں کے خلاف کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔
اضافی وصول کی گئی رقم طلبہ کو واپس کی جائے گی یا آئندہ سال کی فیس میں ایڈجسٹ کیا جائے گا۔ طلبہ اور والدین کو ہدایت کی گئی ہے کہ وہ مقررہ حد سے زیادہ ادائیگی نہ کریں۔
پی ایم ڈی سی اور میڈیکل کالجز کی تنظیم ’’پامی‘‘ کے درمیان باقاعدہ معاہدہ بھی طے پا گیا ہے۔
معاہدے کے تحت پی ایم ڈی سی اور پامی کے درمیان ہر ماہ فالو اپ اجلاس منعقد ہوگا، جبکہ کسی بھی ادارے کو فیس میں اضافے کے لیے باقاعدہ مالی جواز پیش کرنا ہوگا۔ فیس کی زیادہ سے زیادہ حد 25 لاکھ روپے مقرر کی گئی ہے۔
پی ایم ڈی سی کا کہنا ہے کہ معیاری طبی تعلیم ہر طالب علم کا بنیادی حق ہے اور اس کی فراہمی ہر صورت یقینی بنائی جائے گی۔





