پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ کے سربراہ لیفٹیننٹ جنرل احمد شریف چوہدری نے یونیورسٹی آف ٹیکنالوجی لاہور میں طلبہ اور اساتذہ کے ساتھ خصوصی نشست کی جس میں قومی سلامتی، دہشت گردی کے موجودہ چیلنجز، فتنہ الخوارج اور فتنہ الہندوستان کے نیٹ ورکس اور پاکستان کے خلاف جاری ہائبرڈ وارفیئر پر تفصیلی گفتگو کی گئی۔
اس موقع پر وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر شاہد منیر نے آپریشن بنیان المرصوص کی تاریخی فتح پر افواجِ پاکستان کو خراجِ تحسین پیش کیا اور فیلڈ مارشل پر فخر کا اظہار کیا۔
پاک فوج کے ترجمان نے حالیہ دنوں بلوچستان میں BLA کی دہشت گردانہ کارروائیوں اور ان کی آڑ میں سوشل میڈیا پر پھیلائے جانے والے جھوٹے پروپیگنڈے کو بے نقاب کیا۔ انہوں نے دہشت گردی کے خاتمے کے لیے نیشنل ایکشن پلان پر مکمل عمل درآمد کو یقینی بنانے پر بھی زور دیا۔
نشست میں معرکۂ حق کے بعد پاکستان کی سفارتی سطح پر حاصل ہونے والی کامیابیوں اور سوشل میڈیا کے محاذ پر نوجوانوں کے مثبت کردار کو بھی سراہا گیا۔
طلبہ نے نشست میں کھل کر سوالات کیے، جن کے تمام مدلل جوابات ترجمان پاک فوج نے دیے۔ طلبہ نے سوشل میڈیا پر الگورتھمز کی مدد سے بنائے جانے والے ٹرینڈز کے حوالے سے ترجمان کے مؤقف سے اتفاق کیا۔
طلبہ نے کہا کہ ایسے سیشنز نوجوان نسل کو حقائق سے روشناس کرانے کے لیے انتہائی قابلِ ستائش ہیں اور انہوں نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ وہ متحد ہو کر افواجِ پاکستان کے شانہ بشانہ دشمن کے مقابلے میں سیسہ پلائی دیوار بنے رہیں گے۔





