پاکستان کا دوسرا مقامی الیکٹرو آپٹیکل سیٹلائٹ کامیابی سے لانچ

پاکستان اسپیس اینڈ اپر ایٹماسفیئر ریسرچ کمیشن (سپارکو) نے پاکستان کا دوسرا مقامی الیکٹرو آپٹیکل سیٹلائٹ EO-2 چین کے یانگ جیانگ سی شور لانچ سینٹر سے کامیابی کے ساتھ مدار میں پہنچا دیا۔

پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا کہ EO-2 کو سپارکو کے سیٹلائٹ ریسرچ اینڈ ڈیولپمنٹ سینٹر میں مکمل طور پر مقامی تحقیق اور سسٹمز انجینئرنگ کے ذریعے تصور، ڈیزائن اور انٹیگریٹ کیا گیا۔

بیان میں مزید بتایا گیا کہ نئے سیٹلائٹ کی لانچنگ پاکستان کی بڑھتی ہوئی مہارت کا مظہر ہے، جس میں سیٹلائٹ ڈیزائن، پے لوڈ انٹیگریشن، ٹیسٹنگ اور مشن ریڈینس شامل ہیں۔

EO-2 کو اس طرح ڈیزائن کیا گیا ہے کہ یہ EO-1 کے ساتھ مل کر کام کرے اور مختلف روشنی کے حالات میں زمین کا مشاہدہ کرے، جس سے سطحی خدوخال کی بہتر تشریح، تبدیلیوں کی نشاندہی اور امیجنگ کے تسلسل میں بہتری آئے گی۔

آئی ایس پی آر کے مطابق EO-2 پاکستان کے ارتھ آبزرویشن بیڑے کو مضبوط کرے گا اور قومی منصوبہ بندی، گورننس، وسائل کے مؤثر انتظام اور مقامی طور پر تیار کردہ قابل اعتماد خلائی نظاموں کی ترقی میں اہم کردار ادا کرے گا۔

Scroll to Top