مسقط: سلطنت ِ عمان نے رواں سال رمضان المبارک 1447 ہجری کے آغاز کی باضابطہ تاریخ کا اعلان کرتے ہوئے کہا ہے کہ یکم رمضان جمعرات 19 فروری 2026 کو ہوگی، جبکہ بدھ 18 فروری شعبان المعظم کا آخری دن شمار ہوگا۔
عمانی سرکاری میڈیا کے مطابق حکومت نے یہ اعلان چاند کی متوقع رویت سے تقریباً ایک ہفتہ قبل کیا ہے، جو عرب دنیا میں اپنی نوعیت کا منفرد اقدام قرار دیا جا رہا ہے۔
عام طور پر بیشتر اسلامی ممالک میں رمضان کے آغاز کا فیصلہ 29 شعبان کو چاند دیکھنے کے بعد کیا جاتا ہے، تاہم عمان نے اس بار فلکیاتی حسابات کی بنیاد پر پیشگی اعلان کیا ہے۔
مرکزی رویت ہلال کمیٹی کا کہنا ہے کہ سائنسی و فلکیاتی تجزیے کے مطابق منگل 29 شعبان کو چاند کا نظر آنا ممکن نہیں ہوگا۔
کمیٹی نے واضح کیا کہ اگر جدید سائنسی شواہد کسی مخصوص دن چاند کی رویت کو ناممکن قرار دیں تو اس کے برعکس موصول ہونے والی شہادتوں کو قبول نہیں کیا جاتا۔ اسی اصول کے تحت رمضان المبارک کی شروعات کی تاریخ کا باقاعدہ اعلان کر دیا گیا ہے۔
دوسری جانب متحدہ عرب امارات میں بھی ماہرین فلکیات نے اسی نوعیت کی پیش گوئی کی ہے۔ جامعہ شارجہ کے تحت قائم شارجہ اکیڈمی برائے فلکیات، خلائی سائنس اور ٹیکنالوجی نے اپنے بیان میں کہا ہے کہ 17 فروری کو نہ صرف شارجہ بلکہ پورے یو اے ای اور بیشتر اسلامی ممالک میں جدید ترین دوربینوں کی مدد سے بھی چاند کا نظر آنا ممکن نہیں ہوگا۔
یہ بھی پڑھیں : اپوزیشن اتحاد نے پارلیمنٹ ہاؤس کے باہر احتجاجی دھرنا دینے کا اعلان کر دیا
اکیڈمی کے مطابق فلکیاتی امکانات کو مدنظر رکھتے ہوئے رمضان المبارک کا آغاز 19 فروری کو ہونے کی توقع ہے۔ ماہرین کا کہنا ہے کہ سائنسی بنیادوں پر کی جانے والی یہ پیش گوئیاں چاند کی درست پوزیشن، عمر اور افق پر اس کی بلندی جیسے عوامل کو مدنظر رکھ کر مرتب کی جاتی ہیں۔
واضح رہے کہ مختلف اسلامی ممالک میں رمضان کے آغاز کا انحصار مقامی رویت ہلال کمیٹیوں کے فیصلوں پر ہوتا ہے، جس کے باعث بعض اوقات تاریخ میں ایک یا دو دن کا فرق بھی دیکھنے میں آتا ہے۔





