باجوڑ سپورٹس کمپلیکس میں دوسرے رمضان ہاکی لیگ 2025 کی افتتاحی تقریب کا انعقاد کیا گیا، جس میں ضلع بھر کی چار بڑی ٹیمیں باجوڑ ہاکی اکیڈمی، باجوڑ ننگیالی، ایم ایس ہاکی کلب، اور اوریازی فائٹرز شریک ہیں۔
اس لیگ کا انعقاد ڈسٹرکٹ ایڈمنسٹریشن اور سپورٹس ڈیپارٹمنٹ کی سرپرستی میں کیا جا رہا ہے۔
تقریب کے مہمانِ خصوصی ڈسٹرکٹ سپورٹس آفیسر خیبر عوان حسین اور ڈسٹرکٹ سپورٹس آفیسر باجوڑ راہد گل تھے، جبکہ مختلف کھیلوں سے تعلق رکھنے والی معروف شخصیات بھی تقریب میں شریک ہوئیں۔
ان میں باجوڑ والی بال ایسوسی ایشن کے صدر حبیب اللہ، سابق کرکٹ صدر محمد اسماعیل، فٹبال فنانس سیکریٹری عبدالواجد، یوتھ کونسلر فضل الرحمان، حوالدار شاہ حسین، عبدالرحمن، ابو ہریرہ اور وحید گل شامل تھے۔
افتتاحی تقریب میں چیف آرگنائزر مہران شاہ اور ان کی ٹیم نے مہمانوں کا پرتپاک استقبال کیا۔ مقررین نے اپنے خطابات میں رمضان ہاکی لیگ کے انعقاد کو علاقے میں ہاکی کے فروغ کے لیے ایک سنگِ میل قرار دیا اور کہا کہ اس سے مقامی کھلاڑیوں کو اپنی صلاحیتیں منوانے کا موقع ملے گا۔
رمضان ہاکی لیگ 2025 نہ صرف نوجوان کھلاڑیوں کے لیے ایک بہترین پلیٹ فارم ثابت ہوگا بلکہ شائقین کو بھی دلچسپ اور سنسنی خیز مقابلے دیکھنے کو ملیں گے۔