مظفر آباد: آزاد جموں و کشمیر میں متوقع عام انتخابات سے قبل سیاسی سرگرمیاں عروج پر پہنچ گئی ہیں اور مختلف جماعتوں کے رہنماؤں کی جانب سے سیاسی وابستگیاں تبدیل کرنے کا سلسلہ جاری ہے۔
اسی تناظر میں پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے سینئر رہنما سردار تبارک علی نے اپنی جماعت سے علیحدگی اختیار کرتے ہوئے پاکستان مسلم لیگ (ن) میں شمولیت کا اعلان کر دیا۔
مظفرآباد ڈویژن کے حلقہ کوٹلہ سے تعلق رکھنے والے سردار تبارک علی نے اپنے حامیوں اور ساتھیوں سمیت مسلم لیگ (ن) کا حصہ بننے کا فیصلہ کیا۔
ان کی باضابطہ شمولیت کے لیے ایک تقریب کا انعقاد کیا گیا جس میں وفاقی وزیر برائے امور کشمیر، گلگت بلتستان و سیفران انجینیئر امیر مقام نے بطور مہمان خصوصی شرکت کی۔
تقریب کے دوران انجینیئر امیر مقام نے سردار تبارک علی کو پارٹی مفلر پہنا کر مسلم لیگ (ن) میں ان کی شمولیت کا خیر مقدم کیا۔
اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ آزاد کشمیر میں مسلم لیگ (ن) مضبوط اور منظم جماعت کے طور پر سامنے آ رہی ہے اور آنے والے انتخابات میں نمایاں کامیابی حاصل کرے گی۔
وفاقی وزیر سردار محمد یوسف نے بھی اس موقع پر سردار تبارک علی کی شمولیت کو اہم پیش رفت قرار دیتے ہوئے کہا کہ انہوں نے باہمی مشاورت اور سیاسی بصیرت کا مظاہرہ کرتے ہوئے مسلم لیگ (ن) میں شامل ہونے کا فیصلہ کیا ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ جماعت کی مقبولیت میں دن بدن اضافہ ہو رہا ہے اور عوام آئندہ انتخابات میں مسلم لیگ (ن) کو واضح اکثریت دلائیں گے۔
یہ بھی پڑھیں : آخرکار رمضان کی تاریخ طے، باضابطہ اعلان جاری
رہنماؤں نے اپنے خطاب میں مسلم لیگ (ن) کی تاریخی خدمات کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ پاکستان کے قیام میں اس جماعت کا کلیدی کردار رہا ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ نواز شریف کے ادوار حکومت میں ملک کو استحکام ملا، جبکہ وزیر اعظم شہباز شریف کی قیادت میں پاکستان عالمی سطح پر مؤثر کردار ادا کر رہا ہے اور اسلامی دنیا میں ایک مضبوط آواز کے طور پر ابھر چکا ہے۔





