پشاور: خیبر پختونخوا کے محکمہ اعلیٰ تعلیم نے جامعہ پشاور کے اساتذہ کے پروموشن اور بھرتیوں کے لیے باقاعدہ این او سی جاری کر دیا ہے۔
این او سی کے مطابق یونیورسٹی کے 44 شعبوں میں مجموعی طور پر 222 اساتذہ کو ترقی دی جائے گی۔اعلامیہ کے مطابق، 48 اساتذہ کو پروفیسر، 54 کو ایسوسی ایٹ پروفیسر اور 117 کو اسسٹنٹ پروفیسر کی اسامیوں پر ترقی دی جائے گی۔
علاوہ ازیں 42 کنٹریکٹ لیکچررز کی بھرتیوں کی بھی اجازت دی گئی ہے۔محکمہ اعلیٰ تعلیم خیبر پختونخوا کے مطابق، یہ پروموشن اور بھرتیاں میرٹ اور منظور شدہ بجٹ کے مطابق ہوں گی، تاکہ تمام عمل شفاف اور قانونی دائرے میں مکمل ہو۔
سابق صدر پیوٹا ڈاکٹر عزیر نے بتایا کہ جامعہ پشاور کے اساتذہ پروموشن کے لیے گزشتہ چار دن سے ہڑتال پر ہیں۔
انہوں نے کہا کہ این او سی جاری تو ہو گئی ہے، لیکن جب تک سلیکشن بورڈ کا اجلاس نہیں بلایا جاتا، ہڑتال جاری رہے گی۔
یہ بھی پڑھیں : احتجاج کا خطرہ بڑھ گیا، شوکت یوسفزئی نے حکومت کو سخت وارننگ دے دی
ڈاکٹر عزی نے مزید کہا کہ اساتذہ کی ہڑتال اس بات کی نشاندہی کرتی ہے کہ عمل شفاف اور بروقت ہونا چاہیے، تاکہ کسی بھی قسم کی تاخیر یا غیر یقینی صورتحال پیدا نہ ہو۔
جامعہ پشاور کے اساتذہ کی یہ ہڑتال اور محکمہ اعلیٰ تعلیم کی این او سی جاری ہونے کے بعد، شائقین تعلیم اور یونیورسٹی کے طلبہ و اساتذہ کی توجہ اب سلیکشن بورڈ کے اجلاس کی طرف مرکوز ہو گئی ہے۔





