اسلام آباد : سعودی عرب میں پاکستانی طلبہ کے لیے ایک شاندار موقع فراہم کیا گیا ہے کیونکہ کنگ عبداللہ یونیورسٹی آف سائنس اینڈ ٹیکنالوجی (KAUST) نے اپنے وزٹنگ اسٹوڈنٹ ریسرچ پروگرام 2026 کے لیے درخواستوں کا آغاز کر دیا ہے۔
اس فنڈڈ بین الاقوامی تحقیقی انٹرنشپ پروگرام کے تحت منتخب طلبہ کو ماہانہ ایک ہزار امریکی ڈالر وظیفہ دیا جائے گا۔ علاوہ ازیں پروگرام میں شامل امیدواروں کو راؤنڈ ٹرپ ہوائی ٹکٹ، کیمپس میں مفت رہائش، مکمل ہیلتھ انشورنس، ویزا سپورٹ اور جدید لیبارٹریز تک رسائی بھی فراہم کی جائے گی۔
پروگرام کی مدت 3 سے 6 ماہ ہوگی اور شرکاء عالمی شہرت یافتہ فیکلٹی کی نگرانی میں تحقیقی منصوبوں پر کام کریں گے۔
یہ انٹرن شپ خاص طور پر سائنس، ٹیکنالوجی، انجینئرنگ اور ریاضی (STEM) کے شعبوں میں مواقع فراہم کرتی ہے، جن میں کمپیوٹر سائنس، انجینئرنگ، انرجی اسٹڈیز، ماحولیاتی سائنس اور حیاتیاتی علوم شامل ہیں۔
پروگرام کے دوران طلبہ کو عالمی معیار کی تحقیق اور جدید سائنسی طریقہ کار سے براہِ راست آگاہی حاصل ہوگی، جس سے ان کے تحقیقی اور عملی تجربات میں اضافہ ہوگا۔
پاکستان سمیت تمام ممالک کے انڈرگریجویٹ اور ماسٹرز طلبہ اس پروگرام کے لیے درخواست دے سکتے ہیں، بشرطیکہ ان کا کم از کم جی پی اے 3.5 ہو۔ انگریزی زبان پر عبور ضروری ہے، تاہم IELTS یا TOEFL کی ضرورت نہیں۔
یہ بھی پڑھیں : یونیورسٹی آف پشاور میں بھرتیوں اور پروموشن کے متعلق بڑی خبر سامنے آ گئی
یہ پروگرام پی ایچ ڈی کے طلبہ اور KAUST کے موجودہ یا سابق طلبہ کے لیے نہیں ہے۔ درخواستیں صرف آن لائن پورٹل کے ذریعے جمع کرائی جا سکتی ہیں، جس سے امیدوار براہِ راست پروگرام میں شامل ہونے کے اہل ہو سکیں گے۔
یہ اقدام پاکستانی طلبہ کے لیے عالمی تحقیقی تجربات کا سنہری موقع ہے، جو نہ صرف ان کے تعلیمی معیار کو بلند کرے گا بلکہ بین الاقوامی سطح پر ان کی سائنسی اور تحقیقی مہارتوں کو بھی اجاگر کرے گا۔





