پشاور : خیبر پختونخوا میں منشیات کے خلاف حکومت کے زیرو ٹالرنس عزم کے تحت محکمہ ایکسائز و ٹیکسیشن اور نارکوٹکس کنٹرول نے ضلع مہمند اور صوابی میں بڑے پیمانے پر پوست کی غیر قانونی فصل تلف کر دی۔
محکمہ ایکسائز کے مطابق تحصیل امبار، ضلع مہمند میں مشترکہ گرینڈ آپریشن کے دوران 37 ایکڑ پوست کی کاشت شدہ فصل تلف کی گئی۔ اسی طرح بیر گلی، صوابی میں بھی ایک وسیع رقبے پر غیر قانونی پوست کی فصل کو موقع پر ہی تلف کیا گیا۔
یہ کارروائیاں مقامی انتظامیہ، ایکسائز تھانہ پشاور ریجن، پولیس، اے این ایف اور دیگر متعلقہ اداروں کے ساتھ مشترکہ طور پر انجام دی گئیں۔
آپریشن ٹیموں نے متعلقہ مقامات پر پہنچ کر فصل کی موجودگی کی تصدیق کی اور ضابطہ کار کے مطابق اسے تلف کیا تاکہ مزید پیداوار، ذخیرہ اندوزی یا غیر قانونی ترسیل کو روکا جا سکے۔
صوبائی وزیر ایکسائز و ٹیکسیشن اور نارکوٹکس کنٹرول، سید فخرجہان نے واضح کیا کہ حکومت منشیات کے خلاف زیرو ٹالرنس پالیسی پر عمل پیرا ہے۔
انہوں نے کہاہم کہیں بھی منشیات نہیں چھوڑیں گے، چاہے اس میں ڈیلرز ہوں یا سمگلرز، اور ان کے خلاف کارروائیاں جاری رہیں گی۔ غیر قانونی کاشت، پیداوار اور ترسیل میں ملوث عناصر کے خلاف کارروائیاں مزید تیز کی جائیں گی۔
مہمند آپریشن میں سجاد خان (ایکسائز اینڈ ٹیکسیشن آفیسر)، سیف اللہ آفریدی (سرکل آفیسر)، عماد خان (ایس ایچ او تھانہ ایکسائز پشاور ریجن) اور دیگر افسران نے حصہ لیا۔
یہ بھی پڑھیں : فل فنڈڈ انٹرن شپ، مفت رہائش اور دیگر سہولیات، پاکستانی طلبہ کے لیے شاندار موقع
صوابی آپریشن میں اسسٹنٹ کمشنر ٹوپی ڈاکٹر یاسمین ثنا، شکیل خان (ایکسائز اینڈ ٹیکسیشن آفیسر ضلع صوابی)، عاکف نواز خان (سرکل آفیسر) اور دیگر ایکسائز افسران و اہلکار شامل تھے۔
محکمہ ایکسائز کا کہنا ہے کہ اس طرح کے آپریشنز نہ صرف غیر قانونی فصلوں کی پیداوار روکیں گے بلکہ منشیات کی ٹرانسپورٹیشن اور اس کے کاروبار میں ملوث عناصر کو بھی سزا دلائیں گے۔
صوبائی حکومت کی یہ مہم منشیات سے پاک خیبر پختونخوا کے عزم کو عملی شکل دینے کا حصہ ہے۔





