ٹی 20 ورلڈ کپ: شاہد آفریدی برہم، ٹیم میں سینئر کھلاڑیوں کی جگہ نئے کھلاڑی چاہیے

اسلام آباد: پاکستان کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان شاہد آفریدی نے ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ 2026 میں بھارت کے ہاتھوں قومی ٹیم کی 61 رنز سے شکست کے بعد کھلاڑیوں کی کارکردگی پر شدید برہمی کا اظہار کیا ہے۔

اتوار کو کھیلے گئے گروپ اے کے میچ میں بھارت نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے مقررہ 20 اوورز میں 7 وکٹ کے نقصان پر 175 رنز بنائے۔

پاکستان نے ہدف کے جواب میں 18 اوورز میں صرف 114 رنز بنا کر اپنی تمام وکٹیں گنوا دیں، جس سے بھارت نے ایک طرفہ فتح حاصل کی۔

شاہد آفریدی نے نجی ٹی وی چینل سے گفتگو میں کہا کہ بھارت کے خلاف میچ میں ہم نے بہت غلطیاں کیں، بھارت جیت کا حق دار تھا۔

کپتان سلمان علی آغا کے فیصلے بالکل سمجھ نہیں آئے۔ ہمارا جو ٹرمپ کارڈ تھا، عثمان طارق اسے 10 اوورز تک کیوں چھپائے رکھا؟

انہوں نے شاہین آفریدی کی کارکردگی پر بھی تنقید کرتے ہوئے کہاشاہین نے پہلے اوور میں رنز دیے اور پھر بھی آخری اوور اسے دیا گیا، جبکہ ہمارے پاس فہیم اشرف بھی موجود تھا۔

سابق کپتان نے مزید کہا اگر میرے ہاتھ میں فیصلہ ہوتا تو میں شاہین آفریدی، شاداب خان اور بابر اعظم کو ٹیم سے باہر بٹھاتا اور نئے لڑکوں کو موقع دیتا۔

سینیئرز پلیئرز کب سے کھیلتے آرہے ہیں؟ جہاں ہماری امید ہوتی ہے کہ یہ بڑی ٹیموں کے خلاف اچھی کارکردگی دکھائیں، وہاں پرفارمنس نہیں ہوتی۔

یہ بھی پڑھیں : فواد چوہدری نے بھارت سے شکست کے بعد فیصل واڈا کو طنزیہ اپیل کر دی

شاہد آفریدی نے زور دیا کہ نمیبیا کے خلاف اگلے میچ میں نئے کھلاڑیوں کو موقع دینا چاہیے تاکہ ٹیم کی کارکردگی بہتر ہو اور سپر 8 کے لیے موقع یقینی بنایا جا سکے۔

واضح رہے کہ بھارت کے خلاف شکست کے بعد پاکستانی ٹیم کی کارکردگی پر شائقین اور سابق کھلاڑیوں کی جانب سے شدید تنقید کی جا رہی ہے، اور ٹیم کی حکمت عملی اور کپتان کے فیصلوں پر سوالات اٹھائے جا رہے ہیں۔

یہ شکست نہ صرف سپر 8 میں رسائی کے لیے قومی ٹیم کے لیے ایک چیلنج بن گئی ہے بلکہ ٹیم مینجمنٹ پر بھی دباؤ بڑھا دیا ہے۔

Scroll to Top