ٹی20 ورلڈ کپ:پاکستان کا نمیبیا کو جیت کے لیےبڑا ہدف

آئی سی سی مینز ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ کے نہایت اہم اور فیصلہ کن میچ میں پاکستان نے نمیبیا کے خلاف پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے بڑا ہدف دے دیا۔

قومی ٹیم نے مقررہ اوورز میں 3 وکٹوں کے نقصان پر 199 رنز بنائے اور حریف کو کامیابی کے لیے 200 رنز کا ہدف دیا۔

قومی کپتان نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا، تاہم آغاز زیادہ حوصلہ افزا ثابت نہ ہوا۔ صائم ایوب صرف 14 رنز بنا کر بریسل کا شکار بن گئے۔

ابتدائی وکٹ گرنے کے بعد صاحبزادہ فرحان اور کپتان سلمان علی آغا نے ذمہ داری کا مظاہرہ کرتے ہوئے دوسری وکٹ کے لیے 67 رنز کی اہم شراکت قائم کی۔ سلمان علی آغا 23 گیندوں پر 38 رنز بنانے کے بعد آؤٹ ہوئے۔

خواجہ نافع بھی زیادہ دیر کریز پر نہ ٹھہر سکے اور محض 5 رنز بنا کر پویلین لوٹ گئے۔ اس کے بعد صاحبزادہ فرحان نے جارحانہ کھیل پیش کرتے ہوئے شاداب خان کے ساتھ مل کر چوتھی وکٹ کے لیے ناقابلِ شکست 81 رنز جوڑے۔

صاحبزادہ فرحان نے 58 گیندوں پر شاندار اور ناقابلِ شکست 100 رنز اسکور کیے، ان کی اننگز میں 11 چوکے اور 4 چھکے شامل تھے۔ شاداب خان نے بھی عمدہ ساتھ نبھاتے ہوئے 22 گیندوں پر 36 رنز ناٹ آؤٹ بنائے، جس میں تین چھکے اور ایک چوکا شامل تھا۔

واضح رہے کہ پاکستان کے لیے یہ میچ انتہائی اہم ہے، کیونکہ سپر ایٹ مرحلے میں رسائی کے لیے اس مقابلے میں فتح ضروری ہے۔

Scroll to Top