سیکیورٹی فورسز نے خیبرپختونخوا کے ضلع لکی مروت میں ایک کارروائی کے دوران 4دہشت گردوں کو ہلاک کردیا ۔
آئی ایس پی آر کے مطابق 18 اور 19 فروری کی درمیانی شب کو سیکیورٹی فورسز نے لکی مروت میں خوارج کی اطلاع پر انٹیلی جنس بنیاد پر آپریشن کیا۔ یہ خوارج بھارتی حمایت یافتہ گروپ “فتنہ الخوارج” سے تعلق رکھتے تھے۔
آپریشن کے دوران پاکستانی افواج نے خوارج کے ٹھکانے کو موثر طریقے سے نشانہ بنایا اور شدید فائرنگ کے تبادلے کے بعد چار خوارج ہلاک ہو گئے۔
ہلاک دہشت گردوں کے قبضے سے ہتھیار اور گولہ بارود بھی برآمد ہوا جو علاقے میں متعدد دہشت گردانہ سرگرمیوں میں ملوث تھے۔
سیکیورٹی فورسز نے علاقے میں باقی کسی بھی بھارتی حمایت یافتہ خوارج کو ختم کرنے کے لیے سینٹائزیشن آپریشن جاری رکھا ہوا ہے۔
آئی ایس پی آر کے مطابق سیکیورٹی فورسز اور قانون نافذ کرنے والے ادارے انسداد دہشت گردی پروگرام “عزمِ استحکام” کے تحت غیر ملکی حمایت یافتہ دہشت گردوں کے خطرے کو مکمل طور پر ختم کرنے کے لیے بھرپور کارروائی جاری رکھے ہوئے ہیںْ





