ٹی 20 ورلڈ کپ: زمبابوے نے آسٹریلیا کے بعد ایک اور بڑی ٹیم کو ہرا دیا

ٹی 20 ورلڈ کپ کے 38ویں میچ میں زمبابوے نے سنسنی خیز مقابلے کے بعد سری لنکا کو 6 وکٹوں سے شکست دے دی۔

کولمبو میں کھیلے گئے اس میچ میں سری لنکا کی جانب سے دیا گیا 179 رنز کا ہدف زمبابوے نے آخری اوور میں 4 وکٹوں کے نقصان پر حاصل کر لیا۔

کپتان سکندر رضا نے 26 گیندوں پر 45 رنز کی جارحانہ اننگز کھیلی، جس میں دو چوکے اور چار چھکے شامل تھے۔ اوپنر برائن بینیٹ 63 رنز بنا کر ناٹ آؤٹ رہے۔ ریان بری 23 اور مرومانی 34 رنز اسکور کر کے پویلین لوٹ گئے۔

سری لنکا کی جانب سے دشن ہمانتھا نے دو وکٹیں حاصل کیں، جبکہ دسن شناکا اور ویلالاگے نے ایک، ایک کھلاڑی کو آؤٹ کیا۔

اس سے قبل سری لنکا نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے مقررہ اوورز میں 7 وکٹوں کے نقصان پر 178 رنز بنائے تھے۔ پتھم نسانکا کی 62 رنز کی اننگز ٹیم کو فتح نہ دلا سکی، جبکہ پون رتنائیکے نے 44 رنز بنائے۔

زمبابوے کی طرف سے مزرابانی، بریڈ ایونز اور کریمر نے دو، دو وکٹیں حاصل کیں۔

Scroll to Top