بھارت کے شہرچنئی میں کھیلے گئےٹی 20 ورلڈ کپ کے 39ویں میچ میں افغانستان نے کینیڈا کو 82 رنز سے شکست دی۔
افغانستان کی جانب سے دیے گئے 201 رنز کے ہدف کے تعاقب میں کینیڈا کی ٹیم مقررہ اوورز میں 8 وکٹوں کے نقصان پر صرف 118 رنز ہی بنا سکی۔
کینیڈا کی بیٹنگ میں ہرش ٹھاکر 30 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے، کپتان دلپریت باجوہ نے 13 رنز اسکور کیے، سعد بن ظفر 28 رنز بنا کر راشد خان کا شکار بنے، یوراج سمرا 17 رنز بنا کر پویلین واپس گئے جبکہ نکولس کریٹون 10 رنز تک محدود رہے۔
افغانستان کی جانب سے محمد نبی نے چار کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا، اور راشد خان نے دو وکٹیں حاصل کیں۔
یہ بھی پڑھیں : ٹی 20 ورلڈ کپ: زمبابوے نے آسٹریلیا کے بعد ایک اور بڑی ٹیم کو ہرا دیا
قبل ازیں افغانستان نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے مقررہ اوورز میں 4 وکٹوں کے نقصان پر 200 رنز بنائے اور کینیڈا کو جیت کے لیے 201 رنز کا ہدف دیا۔
ابراہیم زدران نے 95 رنز کی شاندار اننگز کھیلی، جس میں 7 چوکے اور 5 چھکے شامل تھے۔ صدیق اللہ اتل نے 44 اور رحمان اللہ گرباز نے 30 رنز اسکور کیے۔
کینیڈا کی جانب سے جسکرن سنگھ نے 52 رنز کے عوض تین کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔ واضح رہے کہ دونوں ٹیمیں پہلے ہی اس میگا ایونٹ سے باہر ہو چکی ہیں۔




