ایبٹ آباد: پشاور ہائی کورٹ کے سینئر جج محمد فہیم ولی نے خواتین وکلاء کے لیے خصوصی سہولیات فراہم کرنے کے لئے توسیعی بار روم کا افتتاح کر دیا۔
یہ منصوبہ ایکسیس ٹو جسٹس ڈیولپمنٹ فنڈ کے تحت مکمل کیا گیا ہے، جس کا مقصد خواتین وکلاء کو ایک محفوظ اور آرام دہ ماحول فراہم کرنا ہے تاکہ وہ اپنے پیشہ ورانہ امور مزید بہتر انداز میں انجام دے سکیں۔
افتتاحی تقریب میں جسٹس اورنگزیب، جج پشاور ہائی کورٹ ایبٹ آباد بینچ، محمد شعیب، ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن جج ایبٹ آباد، حق نواز، ایڈیشنل رجسٹرار، اور عاطف جدون، صدر ڈسٹرکٹ بار ایسوسی ایشن ایبٹ آباد سمیت متعدد سینئر وکلاء اور عدلیہ کے نمائندے شریک ہوئے۔
تقریب سے خطاب کرتے ہوئے جسٹس محمد فہیم ولی نے خواتین وکلاء کے لیے بہتر سہولیات کی فراہمی کو ایک مثبت پیش رفت قرار دیا اور کہا کہ عدلیہ خواتین کی شمولیت اور ان کے لیے سہولتوں میں اضافے کے لیے مؤثر اقدامات کر رہی ہے۔
صدر ڈسٹرکٹ بار ایسوسی ایشن عاطف جدون نے اس منصوبے کے عملی نفاذ پر پشاور ہائی کورٹ اور ضلعی عدلیہ کا شکریہ ادا کرتے ہوئے اسے وکلاء برادری کے لیے ایک اہم سنگ میل قرار دیا۔