پاک فوج نے افغان طالبان کی مبینہ بلا اشتعال جارحیت کا بھرپور اور مؤثر انداز میں جواب دیتے ہوئے کارروائیاں جاری رکھی ہوئی ہیں۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ پاکستانی فورسز نے جنوبی وزیرستان کے مقابل افغانستان کے صوبہ پکتیا میں پانچ افغان پوسٹوں پر قبضہ کر کے وہاں پاکستان کا جھنڈا نصب کر دیا ہے۔
سیکیورٹی حکام کے مطابق قبضے میں آنے والی پوسٹوں میں دو شوال کے مقابل، دو انگور اڈہ کے مقابل اور ایک زرملان کے مقابل واقع ہے۔ کارروائی کے دوران پاک فوج نے انگور اڈہ کا افغان ٹرمینل بھی تباہ کر دیا۔
ذرائع کا مزید کہنا ہے کہ پاکستانی سیکیورٹی فورسز کے بھرپور اور طاقتور جواب کے نتیجے میں افغان طالبان فورسز کو بھاری نقصان کا سامنا کرنا پڑا ہے۔
حکام کے مطابق سرحدی علاقوں میں صورتحال پر کڑی نظر رکھی جا رہی ہے اور افواجِ پاکستان کسی بھی جارحیت کا مؤثر جواب دینے کے لیے مکمل طور پر تیار ہیں۔





