خیبر کی تحصیل لنڈی کوتل میں پاک افغان کشیدگی اور افغانستان کی جانب سے اشتعال انگیزی کے پیش نظر محکمہ تعلیم نے سرحدی علاقوں کے متعدد سرکاری اسکول اگلے حکم تک بند رکھنے کا اعلان کر دیا ہے۔
محکمہ تعلیم خیبر کے دفتر سے جاری مراسلے میں بتایا گیا ہے کہ حفاظتی اقدامات کے تحت جی پی ایس پسید خیل، جی پی ایس چار باغ، جی ایچ ایس خارغلی، جی پی ایس خارغلی، جی پی ایس باچا مینہ، جی پی ایس گلاب کلے، جی پی ایس سیند غاڑہ، جی پی ایس شین پوخ نمبر 2، جی ایم ایس شین پوخ، جی پی ایس شین پوخ نمبر 1 اور جی ایم ایس ولی محمد کور کو بند کرنے کے احکامات جاری کیے گئے ہیں۔
محکمہ تعلیم خیبر کے مطابق یہ فیصلہ موجودہ سیکیورٹی صورتحال میں طلباء اور اساتذہ کی حفاظت کو یقینی بنانے کے لیے کیا گیا ہے، حکام کا کہنا ہے حالات کا جائزہ لینے کے بعد تعلیمی سرگرمیوں کی بحالی سے متعلق آئندہ لائحہ عمل کا اعلان کیا جائے گا۔
یہ بھی پڑھیں: ضم قبائلی اضلاع کے مزید 15 ہزار بچے سکولوں سے باہر، تعلیمی منصوبہ تعطل کا شکار
سرحدی علاقوں میں حالیہ کشیدگی کے باعث مقامی آبادی میں بھی تشویش پائی جاتی ہے اور انتظامیہ کی جانب سے حفاظتی اقدامات جاری ہیں۔





