مولانا حامد الحق کی جگہ مولانا راشد الحق نائب مہتمم مقرر

اکوڑہ خٹک: دارالعلوم حقانیہ کے نائب مہتمم مولانا حامد الحق شہید کی شہادت کے بعد ان کے بھائی مولانا راشد الحق حقانی کو نائب مہتمم مقرر کر دیا گیا۔

دارالعلوم حقانیہ میں مولانا حامد الحق سمیت دیگر شہداء کا نماز جنازہ ادا کیا گیا، جس میں ہزاروں علما، مشائخ، سیاسی و سماجی شخصیات اور عوام کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔

نماز جنازہ کے موقع پر مولانا عرفان الحق حقانی نے دارالعلوم حقانیہ کے مشائخ کی نمائندگی کرتے ہوئے متفقہ فیصلہ سنایا۔ اس فیصلے کے تحت مولانا سمیع الحق شہید کے دوسرے بیٹے مولانا راشد الحق حقانی کو اتفاق رائے سے دارالعلوم حقانیہ کا نائب مہتمم مقرر کیا گیا۔

اسی موقع پر مولانا عبدالحق ثانی کو ان کے شہید والد کا سیاسی جانشین بنانے کی بھی منظوری دی گئی، جس پر شرکاء نے ہاتھ اٹھا کر تائید و توثیق کی۔

مولانا راشد الحق حقانی نے جنازے سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ یہ ملک ہمارا ہے، ہمارے آبا و اجداد نے اس کی بقا کے لیے لازوال قربانیاں دی ہیں۔

انہوں نے مزید کہا کہ ہمارے والد مولانا سمیع الحق شہید اور بھائی مولانا حامد الحق شہید نے بھی اسی ملک کے لیے جان دی۔

واضح رہے کہ مولانا حامد الحق شہید کی شہادت کے بعد دارالعلوم حقانیہ میں یہ اہم فیصلہ کیا گیا، جس کے تحت مولانا راشد الحق حقانی اب نائب مہتمم کی ذمہ داریاں سنبھالیں گے۔

یہ بھی پڑھیں: دارالعلوم حقانیہ واقعہ کا مقدمہ درج کر کیا گیا

Scroll to Top