اسٹیٹ بینک آف پاکستان نے اعلان کیا ہے کہ تین مارچ 2025 کو بینک بند رہیں گے۔ دو رمضان المبارک کے موقع پر بینکوں میں عوامی لین دین کا عمل معطل رہے گا، اور صرف زکوٰۃ کی کٹوتی کے عمل کے لیے بینک کھلے رہیں گے۔
اسٹیٹ بینک کے اعلامیہ کے مطابق تمام بینکوں میں معمول کے مطابق عملہ دفتر میں موجود ہوگا، تاہم عوامی لین دین، جیسے کہ کیش نکلوانا یا جمع کرنا، نہیں کیا جائے گا۔ زکوٰۃ کٹوتی کے حوالے سے عملہ خصوصی طور پر ڈیوٹی پر موجود ہوگا، لیکن اس دوران کسی قسم کی دیگر مالی سرگرمیاں نہیں کی جائیں گی۔
یاد رہے کہ یہ بندش صرف تین مارچ کو ہوگی اور اس کے بعد بینک معمول کے مطابق کھل جائیں گے۔ عوام سے درخواست کی گئی ہے کہ وہ اس تعطیل کو مدنظر رکھتے ہوئے اپنی مالی ضروریات کو پیشگی پورا کرلیں۔